پاکستانی علما و مشائخ، سیاسی اور سماجی شخصیات پر مشتمل ایک نمائندہ وفد چین کے صوبہ سنکیانگ کے دارالحکومت ارومچی پہنچ گیا، جہاں وفد نے مختلف اسلامی، ثقافتی اور تاریخی مراکز کا دورہ کیا اور پاک چین تعلقات کے فروغ میں مذہبی سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔
وفد کی سربراہی چیئرمین رحمت اللعالمین اتھارٹی خورشید ندیم کررہے ہیں، جبکہ وفد میں ممبر صوبائی اسمبلی احمد کنڈی، پیر آف گھمگول شریف پیر محمد انور جنید، جمعیت علمائے اسلام (س) کے امیر مولانا عبدالحق ثانی، مولانا مفتی عمران اشرف عثمانی فرزند مفتی تقی عثمانی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ جامعہ امدادیہ فیصل آباد کے نائب مہتمم مفتی محمد زاہد، دعوہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر الیاس، جامعہ دارالسلام بنوں کے مہتمم مولانا قاری عطااللہ شاہ تحسینی، سابق وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ضیا القیوم، جامعہ پشاور کے پروفیسر ڈاکٹر عامر رضا اور الحاج نور حبیب بھی وفد کا حصہ ہیں۔
چینی وزارت خارجہ کی خصوصی دعوت پر دورہ
یہ وفد چینی وزارت خارجہ کی خصوصی دعوت پر انٹرنیشنل ریسرچ کونسل برائے مذہبی امور کے مذہبی سفارتکاری پروگرام کے تحت اور اس کی رہنمائی میں چین کا دورہ کررہا ہے۔
وفد اپنے دورے کے دوران چین کے مختلف شہروں، جن میں ارومچی، یننگ اور بیجنگ شامل ہیں، کا دورہ کرے گا اور وہاں حکومتی عہدیداروں کے علاوہ مختلف مذہبی اور سماجی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کرے گا۔
اسلامی و ثقافتی مراکز اور گرینڈ بازار کا دورہ
پاکستانی وفد نے ارومچی پہنچنے کے بعد شہر کے اسلامی اور ثقافتی مراکز سمیت تاریخی گرینڈ بازار کا دورہ کیا۔
اس موقع پر وفد نے سنکیانگ میں جاری تعمیر و ترقی کے عمل کو سراہتے ہوئے وہاں اسلامی مراکز اور معاشرتی سرگرمیوں میں مسلمانوں کی شمولیت کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
پاک چین تعلقات میں مذہبی سفارتکاری کی اہمیت پر زور
وفد کے اراکین نے پاک چین دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مذہبی سفارتکاری کے کردار کو نہایت اہم قرار دیا اور چینی علما کرام کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کے علما کے درمیان مسلسل رابطہ کاری، مکالمہ اور باہمی تبادلہ دونوں ممالک کے لیے انتہائی سودمند ثابت ہو سکتا ہے اور اس سے مذہبی ہم آہنگی اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔
مذہبی سفارتکاری پروگرام کے مثبت نتائج کی توقع
مذہبی سفارتکاری پروگرام کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ یہ پانچواں وفد ہے جو اس پروگرام کے تحت چین کا دورہ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس نوعیت کے وفود کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے اور یہ پروگرام مذہبی ہم آہنگی اور بین الثقافتی مکالمے کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے اس پروگرام کی میزبانی اور تعاون پر چینی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔














