مہنگے پیٹرول سے نجات: اب لاہور میں ’ای بائیکس‘ کرائے پر دستیاب ہوں گی

منگل 9 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ ہاؤسنگ پنجاب نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جدید طرز کی ای بائیکس رینٹل سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لاہور میں پہلے مرحلے کے تحت 10 ہزار ای بائیکس اور 300 ڈاکنگ اینڈ چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔

اس منصوبے کے ذریعے شہری اہم رہائشی اور کمرشل علاقوں سے قریبی پبلک ٹرانسپورٹ اسٹیشنز تک آسان رسائی حاصل کر سکیں گے۔

اس سروس سے لاہور میں سالانہ ہزاروں ٹن کاربن اخراج میں کمی متوقع ہے۔ منصوبہ شہر میں جدید ’لاسٹ مائل کنیکٹیویٹی‘ سسٹم کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

پی ایچ اے لاہور ڈاکنگ اسٹیشنز کے لیے جگہ مہیا کرے گا جبکہ لی پارک، ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ، سیف سٹی اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ادارے بھی اس منصوبے کا حصہ ہوں گے۔

سیکریٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے گرین موبلٹی وژن کے تحت یہ ماحول دوست سفری نظام متعارف کروایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ شہری موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے چند سیکنڈز میں ای بائیک کرائے پر حاصل کر سکیں گے۔ کرایہ 100 روپے سے زیادہ ہوگا اور کم عمر افراد کو ایپ کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔

سیف سٹی پراجیکٹ بھی اس سروس میں سیکیورٹی اور نگرانی کے لیے مدد کرے گا۔ مختلف علاقوں میں ڈاکنگ اسٹیشنز کے لیے موزوں سائٹس کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کی حتمی منظوری وزیر اعلیٰ پنجاب سے لی جائے گی اور ترجمان کے مطابق یہ پروگرام 8 ماہ سے ایک سال کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔

اس منصوبے سے ٹریفک کے دباؤ، ایندھن کے اخراجات اور ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی۔ اسموگ اور آلودگی کے خلاف یہ جدید اقدام شہریوں کے لیے کم لاگت اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp