ٹرمپ کا کانگریس سے 350 ارب ڈالر کے دفاعی پیکج کی منظوری کا مطالبہ، ’امریکا کو دوبارہ مضبوط بنانے‘ کا عزم

جمعرات 11 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری پیغام میں کانگریس کے ریپبلکن ارکان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر 350 ارب ڈالر کے نئے مالیاتی پیکیج کی منظوری دیں، جسے انہوں نے امریکہ کی فوجی طاقت بڑھانے اور ملک کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اہم قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران نے جوہری ہتھیار نہ بنانے پر اتفاق کر لیا، مستقبل میں مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کا امکان ہے، صدر ٹرمپ کا دعویٰ

ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا کہ کوئی بھی سابق صدر امریکی فوج کی تعمیر نو اور ملک کو مضبوط بنانے کے لیے ان سے زیادہ پرعزم نہیں رہا۔ انہوں نے ریپبلکنز پر زور دیا کہ وہ مجوزہ ’Recon 3.0‘ بل کو بغیر تاخیر منظور کریں، جس میں ان کے مطابق ’سیو امریکا ایکٹ‘ بھی شامل ہوگا۔

امریکی صدر نے کہا کہ یہ پیکیج فوجی تاریخ کی ایک بڑی سرمایہ کاری ہوگی، جو سابق صدر رونالڈ ریگن کے دور کی دفاعی سرمایہ کاری سے بھی بڑا قدم ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ اقدام مستقبل میں 1.5 ٹریلین ڈالر کے دفاعی بجٹ کی بنیاد بنے گا۔

ٹرمپ نے اپنے پیغام میں دفاعی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس بجٹ کے ذریعے امریکا جدید دفاعی نظام، نئے جنگی طیاروں، بحری طاقت، گولہ بارود کے ذخائر، ڈرون ٹیکنالوجی اور خلائی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری امریکی صنعت کو فروغ دے گی، لاکھوں نہیں بلکہ لاکھوں کے قریب اعلیٰ اجرت والی ملازمتوں کے مواقع پیدا کرے گی اور مہنگائی میں اضافہ کیے بغیر قومی سلامتی کو مضبوط بنائے گی۔

صدر ٹرمپ نے ’سیو امریکا ایکٹ‘ کے حوالے سے انتخابات کے طریقہ کار میں تبدیلیوں کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق اس قانون کے تحت ووٹنگ کے لیے فوٹو شناختی کارڈ اور امریکی شہریت کا ثبوت لازمی قرار دیا جائے گا، جبکہ ڈاک کے ذریعے ووٹنگ پر مخصوص حالات کے علاوہ پابندی ہوگی۔

پیغام میں ٹرمپ نے خواتین کے کھیلوں میں مردوں کی شرکت اور بچوں کے لیے جنس تبدیلی سے متعلق طبی اقدامات کے خلاف بھی اپنے موقف کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایران معاہدے پر جلد بازی نہیں کریں گے، مڈٹرم انتخابات کی پروا نہیں، صدر ٹرمپ

ٹرمپ نے آخر میں کہا کہ یہ اقدامات امریکہ کی آنے والی نسلوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہیں اور کانگریس کو 350 ارب ڈالر کے پیکیج اور ’سیو امریکا ایکٹ‘ کو جلد منظور کرنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp