محکمہ موسمیات نے آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کردی، جبکہ جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آندھی، گرج چمک، ژالہ باری اور موسلادھار بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 11 اور 12 جون کے دوران بعض علاقوں میں شدید موسمی سرگرمیاں معمولاتِ زندگی کو متاثر کر سکتی ہیں۔
مزید پڑھیں:خیبر پختونخوا میں بارشوں، آندھی اور ژالہ باری کا الرٹ جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے جنوبی حصوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ تیز آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور اشتہاری بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
PMD Weather Alert:Dust/Windstorm & Rain-thunderstorm predicted in upper parts of the country from 11th to 13th June .#PMDAlert #WeatherWarning #RainAlert #ThunderstormAlert #DustStormAlert #HailstormWarning #PakistanWeather #WeatherUpdate #MonsoonWatch #ExtremeWeather #StaySafe pic.twitter.com/Uz93x7G8nf
— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) June 10, 2026
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
موسمیاتی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی بلوچستان اور ملحقہ علاقوں پر موسمی کم دباؤ موجود ہے جبکہ بالائی فضا میں ہوا کے زیادہ دباؤ کا نظام برقرار ہے۔ جمعہ سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جبکہ بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں بھی شمال مشرقی علاقوں کا رخ کریں گی۔
اسلام آباد اور گردونواح میں جمعرات کے روز موسم گرم اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم شام اور رات کے وقت گرد آلود ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں دن کے وقت شدید گرم اور خشک موسم رہے گا، تاہم راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، لیہ، بھکر، میانوالی، بہاولنگر اور ڈیرہ غازی خان میں شام اور رات کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری اور موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ شام اور رات کے وقت چترال، سوات، کوہستان، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، کرک، لکی مروت، وزیرستان اور پاراچنار میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
Minimum and Maximum Temperatures.
Thursday 11 June, 2026#PakistanWeather #TemperatureUpdate #PMD #WeatherPakistan pic.twitter.com/o8xnfKE0bv— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) June 11, 2026
سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید گرم اور خشک موسم برقرار رہے گا۔ سکھر، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موہنجو داڑو، دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور اور نوشہروفیروز میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی گرم اور خشک موسم رہے گا جبکہ صوبے کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی توقع ہے۔ سبی، تربت، پنجگور، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، بارکھان، نصیر آباد، قلات اور ملحقہ علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔
مزید پڑھیں:ملک بھر میں کل سے بارشوں، آندھیوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی
آزاد کشمیر میں دوپہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ رات کے وقت بعض مقامات پر ژالہ باری اور تیز بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید موسمی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے اور کمزور ڈھانچوں کے قریب جانے سے احتیاط برتی جائے۔













