پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 11 سے 13 جون تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 11 سے 13 جون تک چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے، جبکہ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی بارش اور آندھی متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مون سون کے دوران غیرمتوازن بارشوں کا خدشہ، این ڈی ایم اے کے زیراہتمام قومی کانفرنس میں اہم فیصلے
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ، مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
میدانی علاقوں پشاور، مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات، ریسکیو ٹیموں کی تیاری، وسائل کی فراہمی، اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے اور متبادل راستوں کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مون سون سے قبل پیشگی تیاری یقینی بنائی جائے، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت
متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کے نظام کی صفائی، اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے اقدامات اور سیاحوں کو موسمی صورتحال سے آگاہ رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے، جبکہ عوام سے کہا گیا ہے کہ شدید بارشوں کے دوران سیلابی پانی، ندی نالوں اور خطرناک مقامات سے دور رہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دی جا سکتی ہے۔














