پاک فضائیہ کے سابق افسر کی بہادری، امریکا میں دورانِ پرواز ہنگامہ کرنے والا مسافر قابو کر لیا گیا

جمعرات 11 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا میں ایک مسافر طیارے کے دورانِ پرواز پیش آنے والے خطرناک واقعے میں پاکستانی فضائیہ کے سابق افسر نے اپنی تربیت اور حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے جہاز کے عملے کے ساتھ مل کر ایک مشتعل مسافر کو قابو کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جس پر دیگر مسافروں اور فضائی عملے نے ان کی بہادری کو سراہا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 5 جون 2026 کو فرنٹیئر ایئرلائن کی پرواز نمبر 2407 لاس ویگاس سے واشنگٹن کے لیے روانہ ہوئی۔ طیارے میں 200 سے زائد مسافر موجود تھے کہ پرواز کے چند ہی منٹ بعد ایک مسافر کا رویہ اچانک انتہائی جارحانہ ہوگیا اور اس نے جہاز کے اندر ہنگامہ شروع کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایران امریکا کشیدگی کے باعث مشرقِ وسطیٰ کی پروازیں متاثر، عالمی ایئرلائنز الرٹ

عینی شاہدین کے مطابق مسافر بار بار جہاز کے اگلے حصے اور کاک پٹ کی جانب جانے کی کوشش کر رہا تھا، جبکہ اسے روکنے والے عملے کے ارکان کے ساتھ بھی مزاحمت اور بدسلوکی کر رہا تھا۔ صورتحال اس وقت تشویشناک ہوگئی جب خدشہ پیدا ہوا کہ وہ طیارے کے حساس حصوں یا ایمرجنسی دروازوں تک پہنچنے کی کوشش کر سکتا ہے۔

واقعے کے دوران کپتان نے مسافروں سے تعاون کی اپیل کی، جس کے بعد چند افراد نے فضائی عملے کی مدد کے لیے آگے بڑھ کر مشتعل شخص کو قابو کرنے کی کوشش کی۔ ان افراد میں پاکستان فضائیہ کے ریٹائرڈ اسکواڈرن لیڈر زاہد یعقوب عامر بھی شامل تھے، جو اس وقت امریکا میں پی ایچ ڈی فیلوشپ کے سلسلے میں مقیم ہیں۔

سابق پاکستانی افسر نے خطرے کے باوجود صورتحال کو سنبھالنے میں کردار ادا کیا اور دیگر مسافروں کو بھی پُرسکون رہنے کی ہدایت کی۔ سامنے آنے والی ویڈیوز میں انہیں مسافروں سے گھبرانے کے بجائے تعاون کرنے اور ضرورت پڑنے پر طبی مدد فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

فضائی عملے نے بھی انتہائی مشکل حالات میں پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ ایک ایئر ہوسٹس، جو امریکی بحریہ سے وابستہ رہ چکی ہیں، نے مشتعل مسافر کو قابو کرنے اور مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ہنگامی صورتحال کے باعث طیارے کو منزل پر پہنچنے سے تقریباً 2 گھنٹے قبل رینو تاہو ایئرپورٹ پر اتارنے کا فیصلہ کیا گیا، جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پہنچ کر مذکورہ مسافر کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی بجٹ ایئرلائن اسپرٹ دیوالیہ، تمام اثاثے فروخت کرنے کا حکم

پرواز کے کپتان شان اور کوپائلٹ ٹکر نے کاک پٹ کو محفوظ رکھتے ہوئے جہاز کا کنٹرول برقرار رکھا اور کامیاب ہنگامی لینڈنگ مکمل کی۔ بعد ازاں ضروری کارروائی کے بعد پرواز تقریباً ڈھائی گھنٹے کی تاخیر سے دوبارہ اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگئی۔

فرنٹیئر ایئرلائن نے واقعے پر مسافروں سے معذرت کی اور انہیں سفری سہولت کے طور پر کھانے کے اخراجات کے لیے 25 ڈالر کا کریڈٹ بھی فراہم کیا۔

مسافروں کے مطابق اگر بروقت کارروائی نہ کی جاتی تو صورتحال مزید سنگین ہوسکتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق پاکستانی فضائی افسر زاہد یعقوب عامر کی تربیت، تحمل اور جر-ت نے نہ صرف مسافروں کے اعتماد کو بحال رکھا بلکہ ایک ممکنہ بڑے حادثے سے بچاؤ میں بھی مدد دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پاکستان اور برطانیہ میں اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق، اصلاحات اور علاقائی استحکام پر تفصیلی تبادلۂ خیال

وزیرِ خزانہ اور برطانوی وزیر ہمیش فاکنر کے درمیان علاقائی صورتحال سمیت اقتصادی منظرنامے پر تبادلۂ خیال

نیا البم کب آئے گا؟ عاطف اسلم نے بڑا اعلان کردیا

موسمیاتی تبدیلی کا سنگین خطرہ: دنیا کے قریباً تمام بچے ماحولیاتی آفات کی زد میں، یونیسف

نواز شریف نے آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر ن لیگ کا اہم اجلاس طلب کر لیا

ویڈیو

امریکا اور ایران کے درمیان معاملات طے، بلوچستان کے کاروبار پر اس کے کیا اثرات ہوں گے؟

خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے بڑھتے اندرونی اختلافات سے پشاور کے عوام پریشان

ایران امریکا فریم ورک معاہدہ کیا ہے اور آئندہ ہونے والے تکنیکی مذاکرات میں کیا طے ہو گا؟

کالم / تجزیہ

امن معاہدہ اور پاکستان

پنجاب کا حق، ایتھے رکھ

سرحدوں سے ماورا یاری: سید بابر علی اور ہرچرن سنگھ