وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت اب تک ملک بھر سے 67 ہزار 900 افراد نے درخواستیں جمع کرا چکے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ‘پرائم منسٹر اپنا گھر اسکیم’ میں شہریوں کی غیر معمولی دلچسپی اور بڑی تعداد میں شمولیت کو ملکی ترقی کے لیے ایک مثبت علامت قرار دیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر یہ اسکیم اسی رفتار سے آگے بڑھتی رہی تو ملک میں اپنے ذاتی گھر کی خواہش رکھنے والے زیادہ سے زیادہ افراد کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہو سکے گا۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پرائم منسٹر اپنا گھر اسکیم کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
یہ بھی پڑھیں: ایک کروڑ روپے تک قرض لے کر اپنا گھر بنائیں، وزیراعظم کی ’میرا گھر میرا آشیانہ‘ اسکیم کیا ہے؟
وزیر اعظم نے اسکیم کے کثیر الجہتی فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی سے نہ صرف تعمیرات کے شعبے میں تیزی آئے گی بلکہ اس سے منسلک دیگر درجنوں صنعتوں کو بھی فروغ ملے گا، جس کے نتیجے میں ملکی معاشی ترقی کی رفتار مزید تیز ہوگی۔
شہریوں کے لیے اس عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے انہوں نے وزارت ہاؤسنگ کو ہدایت کی کہ وہ اسٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر اپنا گھر اسکیم کے درخواست فارموں کو سادہ اور سہل بنائیں۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ ضلعی سطح پر خصوصی سہولت ڈیسک قائم کریں اور ملک بھر میں اس اسکیم کے حوالے سے ایک جامع آگاہی مہم شروع کی جائے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو اسکیم کی اب تک کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ عوام کی جانب سے اس اسکیم کو بھرپور پزیرائی ملی ہے اور اب تک ملک بھر سے 67 ہزار 900 افراد نے درخواستیں جمع کرائی ہیں، جن میں سے 16 ہزار 587 درخواستیں منظور کی جاچکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت 1845 افراد کو 5 ارب سے زائد کے قرضے جاری
حکام نے بتایا کہ اب تک 3 ہزار 146 مستحقین کو 11 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔ مزید برآں، اسٹیٹ بینک نے تمام متعلقہ بینکوں کو پابند کیا ہے کہ وہ موصول ہونے والے فارمز کو 15 دن کے اندر پروسیس کریں جبکہ اسکیم کی شفافیت اور نگرانی کے لیے ایک خصوصی ڈیجیٹل پورٹل بھی فعال کر دیا گیا ہے۔
اس اہم اجلاس میں وفاقی وزراء، گورنر اسٹیٹ بینک، پاکستانی بینکوں کے صدور اور صوبائی چیف سیکریٹریز نے بھی شرکت کی۔














