ورلڈ کپ 2026: ریفری کی انگریزی وضاحت وائرل، سوشل میڈیا پر دلچسپ ردعمل کی بھرمار

جمعہ 12 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 فیفا ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں ایک انوکھا اور غیر معمولی لمحہ اس وقت سامنے آیا جب میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ریفری ولٹن سمپایو کا وی اے آر کے بعد دیا گیا اعلان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

میکسیکو کی جنوبی افریقہ کے خلاف 0-2 سے کامیابی کے دوران ریفری نے تین ریڈ کارڈز جاری کیے تاہم سب سے زیادہ توجہ اس وقت حاصل ہوئی جب انہوں نے ایک متنازع فیصلے کا جائزہ لینے کے بعد اسٹیڈیم کے مائیکروفون پر انگریزی میں اپنی وضاحت پیش کی۔

وی اے آر ریویو کے دوران جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ٹیمبا زوانے اور میکسیکو کے رابرٹو الوارادو کے درمیان ہونے والے ایک واقعے کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد ریفری نے فیصلہ سنایا۔ ریویو میں یہ قرار دیا گیا کہ زوانے نے میکسیکو کے رابرٹو الوارادو کے چہرے پر ضرب لگائی تھی سمپایو نے فیفا کے نئے ریفری کمیونیکیشن سسٹم کے تحت انگریزی میں اپنا فیصلہ سنایا۔

تاہم ان کی وضاحت اس انداز میں دی گئی کہ اسٹیڈیم میں موجود شائقین، کھلاڑی اور حتیٰ کہ کمنٹیٹرز بھی اسے مکمل طور پر سمجھنے میں دشواری محسوس کرتے رہے۔ خاص طور پر جنوبی افریقی کھلاڑی کھلیسو موداؤ کا حیران کن ردعمل سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا جسے مداحوں نے ایک مزاحیہ لمحہ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026: میکسیکو سٹی میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا آغاز، عالمی ستاروں کی پرفارمنس

واضح رہے کہ فیفا کی جانب سے ریفری کمیونیکیشن کو زیادہ شفاف بنانے کے لیے نیا نظام متعارف کرایا گیا ہے تاہم اس واقعے نے اس کی مؤثریت پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔

میچ میں میکسیکو نے دو گول کی برتری سے کامیابی حاصل کی لیکن کھیل سے زیادہ توجہ ریفری کے فیصلے اور ان کے اعلان کو حاصل رہی جو ٹورنامنٹ کے ابتدائی وائرل لمحات میں شامل ہوگیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp