بجٹ27-2026: آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ضم شدہ اضلاع کے لیے 144.9 ارب روپے مختص

جمعہ 12 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مالی سال 27-2026 کا وفاقی بجٹ پیش کرتے ہوئے آزاد جموں کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کے لیے مجموعی طور پر144.9  ارب روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک کے کم ترقی یافتہ علاقے اور خطے خصوصی توجہ کے مستحق ہیں، اسی لیے وفاقی ترقیاتی بجٹ میں ان علاقوں کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

آزاد کشمیر کے لیے 45 ارب روپے

محمد اورنگزیب نے بتایا کہ وفاقی ترقیاتی پروگرام کے تحت آزاد جموں کشمیر کے لیے 45 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فنڈز مختلف ترقیاتی منصوبوں، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، عوامی سہولتوں کی فراہمی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ پر خرچ کیے جائیں گے۔

گلگت بلتستان کے لیے 44 ارب روپے مختص

وزیر خزانہ کے مطابق گلگت بلتستان کے لیے 44  ارب روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جا سکے اور نئے منصوبوں کا آغاز کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:بجٹ 27-2026: تعمیراتی شعبے کی بحالی کے لیے جائیداد کی خرید و فروخت پر ٹیکس میں بڑی کمی تجویز

انہوں نے کہا کہ حکومت شمالی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے، سیاحت، توانائی اور عوامی خدمات کے شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کی خواہاں ہے۔

ضم شدہ اضلاع کے لیے 56 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج

بجٹ دستاویزات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کے لیے56  ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان فنڈز کا مقصد ضم شدہ اضلاع میں ترقیاتی خلا کو کم کرنا، بنیادی سہولتوں کی فراہمی بہتر بنانا اور مقامی آبادی کے لیے معاشی مواقع پیدا کرنا ہے۔

وزیراعظم کا خصوصی پیکیج بھی شامل

وفاقی وزیر خزانہ نے اعلان کیا کہ معمول کے ترقیاتی فنڈز کے علاوہ وزیراعظم کے خصوصی پیکیج کے تحت بھی اضافی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔  اس خصوصی پیکیج کے تحت آزاد جموں  کشمیر کے لیے 5 ارب روپے جبکہ گلگت بلتستان کے لیے 4 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

پسماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی ترجیح

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت ملک کے تمام علاقوں میں متوازن ترقی پر یقین رکھتی ہے اور پسماندہ خطوں کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنا اس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کے ذریعے انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت، مواصلات اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں کو فروغ دیا جائے گا تاکہ ان علاقوں کے عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

بجٹ 27-2026 میں آزاد جموں کشمیر، گلگت بلتستان اور ضم شدہ اضلاع کے لیے مختص کیے گئے فنڈز کو علاقائی ترقی اور قومی یکجہتی کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp