ڈونلڈ ٹرمپ کی ’مبینہ پراسرار شخصیات‘ کے ساتھ تصاویر وائرل، یہ کون ہے؟ انٹرنیٹ پر ہلچل، نئی بحث چھڑ گئی

اتوار 14 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ 3 پراسرار اور انسانی شکل رکھنے والی شخصیات کے ساتھ گفتگو کرتے نظر آ رہے ہیں۔ اس تصویر نے انٹرنیٹ صارفین کو حیران کر دیا ہے اور مختلف قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے۔

سرخ لباس میں ملبوس لمبی شخصیات

تصویر میں ٹرمپ 3 درازقامت افراد کے ساتھ کھڑے دکھائی دیتے ہیں جو چمکدار سنہری بالوں (پلاٹینم بلونڈ) کے حامل ہیں اور سرخ یونیفارم پہنے ہوئے ہیں، جو برطانوی ’ریڈ کوٹ‘ لباس میں دکھائی دیتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اس منظر نے فوری طور پر توجہ حاصل کر لی۔

سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں اور کنسپیرسی تھیوریز

تصویر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے مختلف قسم کے سوالات اور نظریات پیش کرنا شروع کر دیے۔ ایک صارف نے اسے ’صدر ٹرمپ کی نامعلوم شخصیات کے ساتھ لیک شدہ تصویر‘ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایران کے خلاف جنگ ختم کردی، معاہدہ چند روز میں ہوسکتا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

کچھ صارفین نے مذاق میں انہیں ’لِزرڈ پیپل‘ (چھپکلی نما مخلوق) یا غیر زمینی مخلوق قرار دیا۔ بعض نے دعویٰ کیا کہ یہ ’ایلین یا خلائی مخلوق‘ ہو سکتی ہیں۔

ایک صارف نے یہ بھی لکھا کہ امریکی انٹیلی جنس کے مطابق مبینہ طور پر مختلف اقسام کی غیر زمینی مخلوقات کے جسم برآمد کیے گئے ہیں، جن میں یہ ’نارڈک طرز کی انسان نما مخلوق‘ بھی شامل ہے۔

چینی صدر کے ساتھ بھی مبینہ تصویر

مزید دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی نوعیت کی ایک اور تصویر میں یہی پراسرار شخصیات مبینہ طور پر چین کے صدر ژی جن پنگ کے ساتھ بھی دیکھی گئیں، جس سے آن لائن بحث اور بھی زیادہ زور پکڑ لیا ہے ۔

میمز اور مزاحیہ ردعمل

کچھ صارفین نے اس تصویر کو سنجیدہ لینے کے بجائے مزاح کا رنگ دے دیا۔ کئی لوگوں نے ان شخصیات کا موازنہ ’گیم آف تھرون‘ کے کردار ’ٹارگرینز‘ اور ٹِول لائٹ‘ کے ویمپائرز سے کیا۔

ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’ٹرمپ والٹوری کے ساتھ معاہدہ کر رہے ہیں‘، جو ’ٹوِل لائٹ‘ کی ویمپائر تنظیم ہے اور انہیں ’عظیم ڈیل میکر‘ قرار دیا۔

تصویر کی حقیقت کیا ہے؟

اب تک وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس تصویر کی کوئی سرکاری تصدیق یا وضاحت سامنے نہیں آئی۔ کچھ ماہرین اور سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ تصویر مصنوعی ذہانت ( اے آئی) سے تیار کی گئی ہو سکتی ہے، کیونکہ جدید ’اے آئی‘ ٹیکنالوجی کے ذریعے اس طرح کی غیر معمولی اور فرضی تصاویر بنانا آسان ہو گیا ہے۔

ممکنہ وضاحت اور متبادل دعویٰ

کچھ صارفین نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ شخصیات دراصل ناروے کے ’کنگز گارڈ‘ کے ارکان ہو سکتے ہیں اور تصویر مبینہ طور پر 2018 میں ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ پنجم اور ملکہ سونجا کے وائٹ ہاؤس دورے کے دوران لی گئی تھی۔ تاہم یہ دعویٰ بھی غیر مصدقہ ہے۔

یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کی مثال بن گیا ہے کہ سوشل میڈیا اور مصنوعی ذہانت کے دور میں تصاویر کتنی تیزی سے وائرل ہو کر سازشی نظریات اور غلط معلومات کو جنم دے سکتی ہیں۔

جہاں کچھ لوگ اسے محض مزاح سمجھ رہے ہیں، وہیں ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ حقیقی اور جعلی مواد میں فرق کرنا پہلے سے کہیں زیادہ مشکل ہو چکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp