19 جون کو جنیوا میں ایران امریکا امن معاہدہ تقریب کی میزبانی پاکستان کرے گا، وزیراعظم شہباز شریف

پیر 15 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج دنیا نے امن کا ایک تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے اور جنگ کی تاریک رات کے بعد امن کا سورج طلوع ہو گیا ہے۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اعلان کیا کہ امریکہ اور ایران نے تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے فوری اور مستقل خاتمے پر اتفاق کر لیا ہے، جو عالمی امن اور استحکام کے لیے ایک بڑی پیشرفت ہے۔

مزید پڑھیں: امریکا ایران امن معاہدہ پاکستان کے لیے باعثِ فخر، عالمی معیشت کے لیے مثبت پیشرفت ہے، وزیر خزانہ

وزیراعظم نے بتایا کہ اس تاریخی امن معاہدے کی باضابطہ تقریب 19 جون بروز جمعہ جنیوا میں منعقد ہوگی، جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف دو ممالک کے درمیان معاہدہ نہیں بلکہ امن، سفارت کاری اور مکالمے کی فتح ہے۔ وزیراعظم نے اس کامیابی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے تمام معزز اراکین اور مختلف سیاسی جماعتوں کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت تمام قومی قیادت کے تعاون کو سراہا۔

وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ خطے اور دنیا میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس تاریخی کامیابی میں دوست ممالک اور عالمی برادری کے تعاون کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آلثانی، سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور چین کے صدر شی جن پنگ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان رہنماؤں کی دور اندیش قیادت اور مثبت کردار نے امن کی کوششوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیں: امریکا ایران امن معاہدہ، تیل کی قیمتیں مارچ کے بعد کم ترین سطح پر آ گئیں

وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ، یورپی یونین اور دیگر دوست ممالک کی حمایت بھی قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے ثابت کیا ہے کہ جب نیت امن کی ہو تو پیچیدہ ترین تنازعات کا حل بھی مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج کی تقریر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ذکر کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے شعلے بجھانے اور قیامِ امن کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے شب و روز وقف کیے اور انتہائی مشکل حالات میں بھی عزم، استقامت اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا۔ بعض مواقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ مذاکراتی عمل تعطل کا شکار ہو جائے گا، تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور مسلسل کوششیں جاری رکھیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے جنگ کے شعلے ٹھنڈے ہونا شروع ہوئے اور بالآخر خلوصِ نیت، دانشمندانہ حکمت عملی اور انتھک محنت کے نتیجے میں جنگ بندی اور امن معاہدے کی راہ ہموار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کلیدی کردار نے دنیا کو ایک بڑے تصادم اور اس کی ہولناک تباہ کاریوں سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سفارتی ٹیم اور تمام متعلقہ اداروں کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے قومی مفاد اور عالمی امن کے لیے یکجا ہو کر کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ جنگ بندی اور امن کے قیام کے لیے پاکستان کے اس کلیدی کردار کو ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔

مزید پڑھیں:  فیفا ورلڈ کپ، 48 ٹیمیں ایک خواب

شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کو کامیابی عطا کر کے ملک کا وقار عالمی سطح پر بلند کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے اور آج دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ پاکستان امن، استحکام اور مکالمے کا علمبردار ملک ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی حکام کے ساتھ رابطوں اور مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے میں پاکستانی سفارتی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں سفارت کاروں نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، بصیرت اور عزم کا مظاہرہ کیا، جس سے امن کی کوششوں کو تقویت ملی۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں موجود تمام سیاسی جماعتوں نے ملکی وقار، خودمختاری اور عالمی امن کے مقصد کے لیے سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کیا۔ سیاسی قیادت کے اتحاد اور یکجہتی نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ قومی مفاد کے معاملے پر پوری قوم ایک صفحے پر کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں کشیدگی اور عالمی جنگی حالات کے باعث ملکی معیشت پر دباؤ بڑھا، تاہم حکومت نے ثابت قدمی کے ساتھ ان چیلنجز کا مقابلہ کیا۔ بروقت معاشی فیصلوں اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے عوام کو مہنگائی کے ممکنہ طوفان سے محفوظ رکھنے کی بھرپور کوشش کی گئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ امن معاہدے کے ثمرات صرف سفارتی کامیابی تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ قومی کاوشوں کے ذریعے ان کے فوائد ملک کے ہر شہری تک پہنچائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی استحکام سے تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا جس کا براہِ راست فائدہ عوام کو پہنچے گا۔

مزید پڑھیں: امریکا اور ایران کے مابین سمجھوتہ سفارتکاری کی بڑی کامیابی ہے، اسحاق ڈار

وزیراعظم نے کہا کہ عزم، محنت اور یقین کے ساتھ آگے بڑھنے والی قوموں کے لیے کامیابی کی نئی راہیں خود بخود کھل جاتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کی مخلصانہ اور سچی نیت ایک بار پھر کامیاب ہوئی ہے اور ملک نے عالمی سطح پر اپنا مثبت اور مؤثر کردار منوایا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت قومی ترقی، معاشی استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے پوری قوت کے ساتھ کام جاری رکھے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلسل محنت، جدوجہد اور قربانی ہی قوموں کو منزل تک پہنچاتی ہے، اور ایڑیاں رگڑنے سے ہی کامیابی کا میٹھا چشمہ پھوٹتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp