وزیر اعظم بنگلہ دیش کے مشیر کو نئی دہلی ایئرپورٹ پر روکنے کا معاملہ، بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کی مذمت

پیر 15 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیشی وزیراعظم کے مشیر برائے پالیسی، حکمت عملی اور اطلاعات زاہد الرحمان کو نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھارتی امیگریشن حکام کی جانب سے مبینہ طور پر روکے جانے کے بعد کولمبو کے راستے واپس ڈھاکہ پہنچ گئے ہیں۔

اس اہم سفارتی واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے بنگلہ دیشی وزیر خارجہ ڈاکٹر خلیل الرحمان نے اسے ‘غیر متوقع اور افسوس ناک’ قرار دیا ہے۔ انہوں نے وزارت خارجہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت اس معاملے میں مناسب اقدامات کررہی ہے اور اس حوالے سے باضابطہ اور تفصیلی موقف جلد ہی واضح کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش اور انڈیا کے شہریوں کے درمیان سرحدی جھڑپ، بنگلہ دیشی فورسز کو نئے اختیارات مل گئے

زاہد الرحمان نئی دہلی میں پیر سے شروع ہونے والے انڈین اوشن رم ایسوسی ایشن (آئی او آر اے) کے سینیئر حکام کے 28ویں اجلاس میں بنگلہ دیشی وفد کی قیادت کرنے کے لیے اتوار کی شام بھارت پہنچے تھے۔

نئی دہلی میں متعین بنگلہ دیشی ہائی کمیشن نے جمعہ کے روز ہی ایک باضابطہ سفارتی نوٹ (نوٹ وربال) کے ذریعے بھارتی وزارت خارجہ کو اس اہم دورے سے مطلع کر دیا تھا، اور بنگلہ دیشی ہائی کمشنر ریاض حمید اللہ خود ان کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

اس کے باوجود جیسے ہی وزیر اعظم کے مشیر ایئرپورٹ پر لینڈ ہوئے، انہیں مبینہ طور پر ایک سیکیورٹی واچ لسٹ میں نام ظاہر ہونے کی وجہ سے سیکیورٹی چیکنگ کے دوران روک لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش: ایئر فورس کے تربیتی طیارے کی جیشور میں ہنگامی لینڈنگ

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی امیگریشن حکام نے زاہد الرحمان کو بغیر کوئی ٹھوس وجہ بتائے تقریباً 2.5 گھنٹے تک انتظار گاہ میں بٹھائے رکھا اور اس دوران یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ انہیں ملک میں داخلے کی اجازت ملے گی یا نہیں۔

اگرچہ بعد میں نئی دہلی کے اعلیٰ حکام کی مداخلت پر انہیں بھارت میں داخل ہونے کی کلیئرنس دے دی گئی تھی، لیکن طویل انتظار اور نامناسب رویے کے باعث وزیر اعظم کے مشیر نے خود ہی احتجاجاً واپس لوٹنے کا فیصلہ کیا۔وہ سارک ویزا کے ساتھ اپنے باقاعدہ بنگلہ دیشی پاسپورٹ پر سفر کر رہے تھے۔

اتوار کی رات نئی دہلی سے ڈھاکہ کے لیے کوئی براہ راست پرواز دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے زاہد الرحمان ایئر انڈیا کی پرواز کے ذریعے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے لیے روانہ ہوئے اور پیر کی صبح وہاں پہنچے۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کا بھارت کے تعاون سے قائم اکنامک زون بند کرکے ڈیفنس انڈسٹریل زون بنانے کا فیصلہ

 کولمبو میں موجود بنگلہ دیشی ہائی کمیشن نے تصدیق کی ہے کہ وہ پیر کی صبح تقریباً 8:00 بجے سری لنکن ایئرلائنز کی پرواز کے ذریعے ڈھاکہ کے لیے روانہ ہوئے تاکہ دوپہر 12:00 بجے سے پہلے وطن پہنچ سکیں۔

ڈھاکہ میں حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر پیش آنے والے اس پورے واقعے کی مکمل اور مستند معلومات جمع کی جارہی ہیں، جس کے بعد ہی بھارت کے سامنے اس معاملے کو اٹھانے کے لیے اگلے سفارتی اقدامات کا تعین کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp