مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کے لیے کل لاہور میں ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔
اجلاس میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی اعلیٰ قیادت شرکت کرے گی، جبکہ اہم سیاسی فیصلوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان، سینیئر رہنما طارق فاروق اور سابق وزیر اطلاعات مشتاق منہاس خصوصی طور پر شریک ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عوامی ایکشن کمیٹی آزاد کشمیر میں انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف
اس کے علاوہ وفاقی وزرا اور مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کے اہم رہنماؤں کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال، آئندہ حکمت عملی، تنظیمی معاملات اور موجودہ حالات کے تناظر میں پارٹی مؤقف پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے باعث پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال اور مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر کی قیادت کو درپیش چیلنجز، سیاسی رابطوں، پارٹی تنظیم سازی اور آئندہ کے ممکنہ اقدامات پر بھی مشاورت کی جائے گی۔
مختلف امور پر مرکزی قیادت کی رہنمائی کی روشنی میں متفقہ فیصلوں کی توقع کی جا رہی ہے۔
سیاسی حلقوں کی نظریں اس اجلاس پر مرکوز ہیں، کیونکہ اس کے فیصلے آزاد کشمیر کی سیاست پر گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
مبصرین کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی آئندہ سیاسی حکمت عملی کی سمت کا تعین بھی اسی اہم مشاورتی نشست میں ہونے کا امکان ہے۔














