1980 کی دہائی کے مقبول گیت ’ٹوٹل ایکلپس آف دی ہارٹ‘ اور ’ہولڈنگ آؤٹ فار اے ہیرو‘ سے عالمی شہرت حاصل کرنے والی گلوکارہ بونی ٹائلر ہنگامی سرجری کے بعد کوما سے باہر آگئی ہیں۔
تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی حالت اب بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
1980 کی دہائی میں اپنی کامیاب موسیقی کے ذریعے دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنیوالی 75 سالہ ویلش گلوکارہ گزشتہ ماہ سے پرتگال کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: موٹر سائیکل حادثے میں زخمی معروف بھارتی گلوکار چل بسے
پرتگال کے شہر فارو میں واقع اسپتال میں صحت یابی کے عمل میں مدد کے لیے انہیں مصنوعی کوما میں رکھا گیا تھا۔
پیر کی شب ان کی ویب سائٹ پر اہلِ خانہ اور ٹیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بونی ٹائلر اب کوما میں نہیں ہیں، تاہم وہ اب بھی شدید علیل اور پرتگال میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیرِ علاج ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ڈاکٹروں کو یقین ہے کہ وہ اچھی طرح صحت یاب ہو جائیں گی، لیکن اس عمل میں وقت درکار ہوگا۔
Bonnie Tyler awakes after month-long coma https://t.co/0UvJioVGmg
— Classic Rock Magazine (@ClassicRockMag) June 15, 2026
ان کی صحت کی موجودہ صورتحال کے باعث اگست کے اختتام تک طے شدہ تمام کنسرٹس منسوخ یا مؤخر کیے جا رہے ہیں۔
بونی ٹائلر نے رواں سال جرمنی، آسٹریا اور برطانیہ میں ایک میوزک فیسٹیول میں پرفارم کرنا تھا۔
اہلِ خانہ نے مداحوں کی جانب سے محبت اور نیک تمناؤں کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بونی ٹائلر اس بھرپور حمایت سے آگاہ ہیں۔
مزید پڑھیں: معروف گلوکار زوبین گارگ سمندر میں تیراکی دوران ہلاک ہوگئے
بونی ٹائلر نے 1970 کی دہائی میں ’لاسٹ اِن فرانس‘ اور ’اِٹس اے ہارٹ ایک‘ جیسے مقبول گیتوں سے شہرت حاصل کی۔
بعد ازاں ان کا مشہور گانا ’ٹوٹل ایکلپس آف دی ہارٹ‘ برطانیہ اور امریکا دونوں میں چارٹ کی پہلی پوزیشن پر پہنچا۔
ان کا ایک اور معروف گیت ’ہولڈنگ آؤٹ فار اے ہیرو‘ 1984 میں ریلیز ہوا تھا، جو ہالی ووڈ کی کامیاب فلم ’فٹ لوز‘ کے ساؤنڈ ٹریک کا بھی حصہ تھا۔














