عالمی منڈی میں خام تیل سستا: کیا پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہوسکتی ہیں؟

بدھ 17 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران اور امریکا کے درمیان تقریباً 3 ماہ سے جاری کشیدگی کے خاتمے اور امن معاہدے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ برینٹ خام تیل کی قیمت مارچ کے اوائل کے بعد اپنی کم ترین سطح پر آ گئی ہے جبکہ امریکی خام تیل بھی مسلسل نیچے آ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا ایران امن معاہدہ، تیل کی قیمتیں مارچ کے بعد کم ترین سطح پر آ گئیں

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل تقریباً 79 سے 83 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ بھی 80 ڈالر فی بیرل کے قریب ہے۔ چند ہفتے قبل ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران آبنائے ہرمز بند ہونے کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 115 سے 120 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھیں۔

پاکستان میں قیمتوں پر کیا اثر پڑ سکتا ہے؟

پاکستان میں عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہونے کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا گیا اور بعض تجزیہ کاروں کے مطابق قیمتیں 420 روپے فی لیٹر تک جا پہنچی تھیں۔ تاہم عالمی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد اب ملک میں بھی عوام کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

توانائی کے شعبے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خام تیل کی قیمتیں 79 سے 80 ڈالر فی بیرل کے قریب برقرار رہتی ہیں اور روپے کی قدر میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آتی تو پیٹرول کی قیمت میں 30 سے 40 روپے فی لیٹر تک کمی کی گنجائش موجود ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 35 سے 50 روپے فی لیٹر تک کمی ہوسکتی ہے۔

مزید پڑھیے: امریکا ایران کشیدگی کے اثرات: تیل کی قیمتوں میں تیزی، بٹ کوائن 2 ماہ کی کم ترین سطح پر

بعض ماہرین کا خیال ہے کہ حکومت چاہے تو ٹیکسوں اور لیوی میں ردوبدل کے ذریعے عوام کو 50 روپے فی لیٹر تک کا ریلیف بھی دے سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ 15 روزہ قیمتوں کے تعین کے لیے اوگرا  اپنی سمری وزارتِ خزانہ کو ارسال کرے گا جس کے بعد وزیراعظم کی مشاورت سے جمعہ کی شب نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔

 عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑھ رہی تو پاکستان میں فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کر دی گئی تھیں اس لیے اب جب عالمی قیمتیں دوبارہ جنگ سے پہلے کی سطح یعنی 75 سے 80 ڈالر فی بیرل کے قریب آ گئی ہیں تو اس کا فائدہ بھی فوری طور پر صارفین تک پہنچایا جانا چاہیے۔

مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت بڑھنے کا نتیجہ ہے، حکومت کا قصور نہیں، رانا ثنااللہ

ماہرین کے مطابق اگر حکومت مکمل ریلیف منتقل کرتی ہے تو آئندہ قیمتوں کے اعلان میں 30 سے 50 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان موجود ہے تاہم حتمی کمی کا انحصار اوگرا کی سفارشات، ڈالر کے نرخ، درآمدی لاگت اور حکومتی ٹیکس پالیسی پر ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp