ویڈنگ ڈیٹیکٹیو یا خانگی جاسوسوں کے اچھوتے کام کا احوال

بدھ 17 جون 2026
author image

شبیر سومرو

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

’کیا آپ شادی کر رہے ہیں؟ یا کیا آپ اپنی بیٹی یا بہن کی کا رشتہ کر رہے ہیں؟ ماشاء اللہ! مگر کیا آپ نے لڑکے سے متعلق پوری معلومات کرلی ہے؟ وہ کتنا کماتا ہے، اخلاقی طور پر کیسا ہے، وہ یا اس کے دوست احباب جرائم پیشہ تو نہیں؟فیملی بیک گرائونڈ کیسا ہے؟ وغیرہ وغیرہ۔ اگر آپ کو اس کے متعلق یہ سب جاننا ہے تو ہماری خدمات حاصل کیجیے۔ ہم آپ کو مناسب فیس کے عوض تمام ضروری معلومات مہیا کریںگے۔ رابطہ کیجیے: Pak Pre Matrimonial Investigations ۔‘Phone: 0000 1234567

یہ کوئی من گھڑت اشتہار نہیں، ایسے اشتہار دے کر، کلائنٹس کو متوجہ کرنے والے جاسوس مغرب کے بعد اپنے پاکستان میں بھی کام شروع کرچکے ہیں…بلکہ یوں لگتا ہے کہ اب بہت جلد ایسی سراغ رساں کمپنیاں ہمارے بڑے شہروں میں کھمبیوں کی طرح کھلنے والی ہیں۔

پری میٹری مونیئل انویسٹی گیشن ایک خاص قسم کی تحقیقات ہیں جو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کرائی جاتی ہیں کہ ہونے والا جیون ساتھی کیسا ہے، وہ شادی کے لیے مناسب ہے یا نہیں؟۔ اس تحقیقات میںاس کی تمام سرگرمیوں،ملازمت، مستحکم یا غیرمستحکم مالی صورتحال اور دوسرے معاملات کی جانچ کی جاتی ہے۔ ساتھ ہی اس کے کردار، ساکھ، عادات، سماجی تعلقات اور مجموعی طرز ِزندگی کی تصدیق بھی شامل ہو سکتی ہے۔

شادی سے پہلے کی تفتیش اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہوتی ہے کہ شادی کرنے والے فریق اور خاندان ایک دوسرے کے لیے کتنے موزوں ہیں۔ اس طرح کی پیشگی تفتیش سے اس بات کو یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے کہ دونوں کنبوں کے مابین رشتہ ہوجانے کے بعد معاملات اچھے رہیں گے یا نہیں؟۔ اسی لیے شادی سے پہلے اس طرح کی سراغ رسانی کچھ حلقے مفید قرار دیتے ہیں اور کچھ فضول مشق اور پیسے کا زیاں سمجھتے ہیں اور دلیل دیتے ہیں کہ اگر دوسرے فریق کو اس کا پتا چل جاتا ہے تو نئے استوار ہونے والے تعلق میںاعتماد کو ٹھیس لگ سکتی ہے۔

شادی شدہ جوڑوں میں سے کسی فرد کو اگر دوسرے پر بیوفائی کا شک ہو تو یہ سراغ رساں ایجنسیاں اس کی بھی تفتیش کرکے، کلائنٹ کو علیحٰدگی یا طلاق کے لیے بھی دستاویزی ثبوت مہیا کرتی ہیں۔

 آج کل بڑے شہروں میں لوگ میریج بیورو اورمیٹریمونیل ویب سائٹس کے ذریعے اپنا جیون ساتھ تلاش کرتے ہیں۔ اس طرح کی سائٹس پر شادی کے خواہشمند لڑکے اور لڑکیاں جو رجسٹر ہوتے ہیں، ضروری نہیں کہ ان سے متعلق دیے گئے کوائف اور تفصیلات درست ہوں۔ اگر ایسا نہ ہو تو رشتہ ہوجانے کے بعد کئی مسائل جنم لیتے ہیں اور نوبت کورٹ کچہری اور طلاق تک جا پہنچتی ہے۔ اس لیے ان مسائل کی کاٹ کرنے کے لیے نئی قسم کی ایجنسیاں متعارف ہوئی ہیں، جنہیں میٹریمونیل انویسٹی گیشن ایجنسی کیا جاسکتا ہے۔ ان کا کردار اس لحاظ سے بے حد اہم ہوجاتا ہے کہ یہ فریقین کے مابین رشتہ پکا ہونے سے پہلے، ضروری معلومات بہم پہنچاتی ہیں تاکہ آگے چل کر کوئی خرابی نہ ہو۔ اور اگر آگے چل کر کوئی خرابی پیدا ہوتی ہے، تب بھی یہی ایجنسیاں میاں بیوی میں سے کسی بھی فرد کی جانب سے معاوضہ ملنے پر مخالف فریق کے حوالے سے تفتیش کرکے رپورٹ دیتی ہیں۔

شادی سے پہلے کی تفتیش میں کیا کچھ فراہم کیا جاتا ہے؟

شادی سے پہلے کی تحقیقات عام طور پر اگلے فریق کے مالی استحکام، اخلاقی کردار، مجرمانہ پس منظر(اگر ہو)، ماضی میں صنفِ مخالف سے تعلقات، طرزِ زندگی، عادات اور خاندانی پس منظر جیسے موضوعات کا احاطہ کرتی ہیں۔ ایک نجی تفتیش کار اُس شخص کی تعلیمی قابلیت، ملازمت،تنخواہ، بنک بیلنس اور دیگر متعلقہ معاملات کی چھان بین کرکے رپورٹ دیتا ہے۔ اس کام میں وہ کئی قانونی خلاف ورزیاں بھی کرجاتا ہے اور جس کے خلاف تحقیق کرتا ہے، اس کی خلوت(پرائیویسی) بھی مجروح کرجاتا ہے۔

تفتیش کیسے کی جاتی ہے؟

شادی سے پہلے کی جانے والی تحقیقات،کوئی لائسنس یافتہ نجی سراغ رساں ایجنسی کے ذریعے کرائی جاتی ہیں۔ اس قسم کی ایجنسی، مطلوبہ معلومات اکٹھی کرنے کے لیے روایتی اور جدید دونوں تکنیک استعمال کرتی ہے، جیسے نگرانی، انٹرویوز اور مذکورہ فرد کی جائیداد وغیرہ کی چھان بین کے لیے سرکاری دفاتر میں رابطے کرکے، ریکارڈحاصل کرناشامل ہوتا ہے۔ اس کے بعد تفتیش کار اپنی تحقیق کے نتائج، شواہد اور دستاویزی ثبوتوں یعنی تصاویر، وڈیو کلپس اور دستاویزات کی نقل کے ساتھ تحریری رپورٹ بناکر کلائنٹ پیش کرتا ہے۔

رشتے کی پیشگی تفتیش کے لیے پیشہ ور جاسوس کے فوائد

اس قسم کی تحقیقات کے لیے پیشہ ور جاسوس کی خدمات حاصل کرنے کا ایک فائدہ، اس کی وہ مہارت اور تجربہ ہوتاہے جو وہ اس کام میں بروئے کار لاتا ہے۔ پیشہ ور تفتیش کاروں کے پاس اپنے کام کے حوالے سے مؤثر انداز میں جانچ پڑتال کرنے کی قابلیت، علم اور وسائل ہوتے ہیں۔ وہ اس طرح کی تحقیقات کے قانونی مضمرات سے بھی واقف ہوتے ہیں، اس لیے بچ بچا کر کام کرتے ہیں۔ وہ تفتیش مکمل کرکے،غیر جانبدارانہ مشورہ اور تجزیہ تحریری طور پر مہیا کرتے ہیںاور ساتھ میں تصویریں، وڈیو کلپس اور حاصل کیے گئے دستاویزات بھی مہیا کرتے ہیں۔ اس سے ان کے مؤکل کو کوئی حتمی فیصلہ کرنے میں آسانی ہو جاتی ہے۔

پاکستان میں خانگی سراغ رسانی

پاکستان میں شادی سے پہلے اور بعد میں جیون ساتھی سے متعلق تحقیقات، بچوں کی مانیٹرنگ، گمشدہ افراد کی تلاش اورشواہد اکٹھے کرنے کے لیے خانگی سراغ رساں ایجنسیوں کا رواج ابھی عام نہیں ہوا۔ یہاں خانگی جاسوسوں کو کام کرنے کے لیے، صوبائی اور وفاقی قوانین کی تعمیل کرنا ہوتی ہے۔ مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ ہمارے ملک میں اس حوالے سے ابھی قانون سازی نہیں ہوئی۔ اس کے باوجود پاکستان میں پرائیویٹ جاسوس کوئی بیج نہیں لگا سکتا، قانون نافذ کرنے والی کسی فورس کی یونیفارم جیسی وردی نہیں پہن سکتا، کسی کا فون ٹیپ نہیں کر سکتا یا کوئی ایسی بات نہیں کہہ سکتا، جس سے یہ ظاہر ہو کہ نجی تفتیش کار، پولیس سے متعلق ہے یا کسی سرکاری ایجنسی کا اہلکار ہے۔

ہم پاکستان میں خانگی جاسوسی کے بانی کار ہیں: سید مسعود حیدر

 سید مسعود حیدر پاکستان کی پہلی اور واحد رجسٹرڈ میٹری مونیل انویسٹی گیشن ایجنسی فیکٹ فائنڈرز کے سربراہ ہیں، جس کا صدر دفتر لاہور میں ہے۔ ان کی خانگی سراغ رساں ایجنسی کے ایجنٹ، جنہیں عام الفاظ میں ’جاسوس‘ کہنا چاہیے، وہ کلائنٹس کے مختلف نوعیت کے مسائل اور معاملات کی تحقیق کرکے انہیں ثبوت و شواہد کے ساتھ رپورٹ تیار کرکے دیتے ہیں تاکہ وہ اس کی روشنی میںاس خاص مسئلے سے متعلق فیصلہ کرسکیں یا قدم اٹھا سکیں۔

سید مسعود حیدر سے میرا رابطہ فیکٹ فائنڈرز کی ویب سائٹ پر موجود فون نمبر کے ذریعے ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ سراغ رساںایجنسیوںکے ایجنٹوں یا جاسوسوں کو ہر مرتبہ نیا بہروپ بھرنا پڑتا ہے اور وہ روپ ایسا ہونا چاہیے کہ جس علاقے یا جس طبقے میں گھس کر وہ ’جاسوسی‘ کرتے ہیں، ان میں گھل مل جائیں اور کسی بھی طرح ان سے الگ دکھائی نہ دیں۔اس کے ساتھ ساتھ وہ کسی کیس پر کام کرتے ہوے، اپنا اصل نام اور شناخت ظاہر نہیں کرتے۔ یہ خود کو اتنا بدل لیتے ہیں کہ کبھی کبھی ان کا کوئی دوست بھی قریب سے گزرجاتا ہے تو نہیں پہچان پاتا۔ ایجنسی کے باس، اپنے ایجنٹ کو کام یا کیس کا صرف اتنا حصہ بتاتے ہیں، جتنے میں وہ ضروری تحقیق کرکے کام کی معلومات جمع کرکے آجائے۔ اسے پورا معاملہ اس لیے نہیںبتایا جاتا کہ کلائنٹ کی پرائیویسی متاثر نہ ہو۔

ایسی ایجنسیوں کا پاکستان اور بھارت میں کام کرنا، فی الوقت کافی آسان ہے کیوںکہ ان دونوں ملکوں میں ابھی کوئی ایسا قانون نہیں ہے جو نجی جاسوسی ایجنسیوں کو کنٹرول کرتا ہو۔ سید مسعود حیدر بتاتے ہیں کہ جب فیکٹ فائنڈرز ایجنسی، ایس ای سی پی میں بطور کمپنی رجسٹر ہوگئی تو اس کے بعد اس طرح کی ایجنسیوں کی رجسٹریشن پر غیر اعلانیہ پابندی عائد کردی گئی تھی۔ اس لیے اب تک کوئی اور سراغ رساں ایجنسی رجسٹریشن حاصل نہیں کرپائی۔

 ان ایجنسیوں نے اپنی خدمات کا کوئی خاص معاوضہ مقرر یا طے نہیں کیا ہوا۔ وہ کیس کی نوعیت، اس پر تحقیق کے لیے مقررہ ایجنٹوں کی تعداد، ان کے وقت، لاجسٹک اور اس سارے معاملے پر اٹھنے والے دیگر اخراجات کا حساب لگا کر معاوضہ وصول کرتی ہیں۔ ان ایجنسیوں کے پاس زیادہ تر کیس، جیون ساتھی کی ممکنہ بیوفائی کی تحقیق کے آتے ہیں۔ اس حوالے سے، اسی ایجنسی سے پہلے وابستگی رکھنے والی ڈاکٹر فوزیہ خان کہتی ہیں:

’عام طور پر شوہروں پر یہ الزام لگتا ہے کہ وہ اپنی بیویوں کے ساتھ بیوفائی یا دھوکہ دہی کرتے ہیں۔ ہمارے ہاں کی 70 فیصد بیویاں سمجھتی ہیں کہ ان کے شوہران کے ساتھ وفادار نہیں ہیں۔ مگر جب اس موضوع پر ان مردوں سے بات ہوتی ہے تو وہ قصور بیوی کی جانب منتقل کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ بیوی اپنا خیال نہیں رکھتی، شوہر کے ساتھ اس کا روّیہ بھی اچھا نہیں ہوتا، اس لیے شوہرکی دلچسپی کم ہوجاتی ہے۔ لیکن کبھی کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ جب بیوی کی شکایت پر تحقیق کی جاتی ہے تو صورتِ حال مختلف بلکہ برعکس بھی نکلتی ہے‘۔

ویسے یہ ایجنسیاں ہمہ قسم کی خانگی تحقیقاتی خدمات پیش کرتی ہیں۔ ان خدمات میں انٹلیکچوئل پراپرٹی اور کاپی رائٹ کی خلاف ورزی، کرایہ داروں، ملازموں کی جانچ پڑتال سے لے کر بے وفائی تک کے معاملات کی تفتیش کرتی ہیں۔

ایکٹیویٹی چیک

سراغ رساں ایجنسیوں کے کام میں ایکٹیویٹی چیک ایک انتہائی اہم سرگرمی ہوتی ہے جو کسی شخص (ٹارگٹ) کے روزمرہ کے شیڈول، سرگرمیوں، نقل و حرکت کے دوران اس کا تعاقب کرنے، اس کے ٹھکانوں کا پتا لگانے اور اس کی مشکوک مصروفیات کا تعین کرنے میں مدد کرتی ہے۔ یہ ایک ایسا مؤثر طریقہ ہے اور اس کے ذریعے سے اس بات کا تعین کیا جا سکتا ہے کہ کوئی شخص کیا کر رہا ہے، کیسے، کب اور کہاں وہ وقت گزارتا ہے۔ ایجنٹ اس کی خفیہ نگرانی کرتا ہے اور اس کی تمام نقل و حرکت پر نظر رکھتا ہے کہ وہ کب کہاں جاتا ہے، کس سے ملتا ہے، کون سی گاڑی استعمال کر رہا ہے؟ وغیرہ۔ یہ بنیادی معلومات مستقبل کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرنے میں مدد دیتی ہے۔

ازدواجی معاملات کی تفتیش کے فائدے اور نقصانات

شادی زندگی بھر کا فیصلہ ہے، اس لیے یہ ضروری ہوتا ہے کہ ہونے والے جیون ساتھی کے بارے میں ہر قسم کی معلومات سے آگاہ ہو۔ خانگی سراغ رساں ایجنسیاں ایسے لوگوں کو درست معلومات فراہم کرنے میں مدد کرتی ہیں۔ رشتہ طے کرنے یا شادی سے پہلے کی تحقیقات کا مقصد مستقبل کا سکون ہوتا ہے۔ اس کے لیے یہ ’جاسوس لوگ‘ ممکنہ ساتھی کے ماضی، حال اور مستقبل کے طرز زندگی کے بارے میں اہم معلومات فراہم کر کے جوڑوں کو پیش کرتے ہیں۔ شادی سے پہلے کی تحقیقات، جوڑوں کے لیے اس طرح فائدہ مند ہو سکتی ہیں کہ وہ صحیح فیصلہ کر رہے ہیں اور ایک دوسرے کے لیے موزوں ہیںیا نہیں؟۔ اس میں ایک فریق، دوسرے فریق کے کردار، مالی استحکام، عادات اور ماضی کے تعلقات کے بارے میں اہم معلومات حاصل کر سکتا ہے، جس سے یہ بات یقینی بنائی جاسکتی ہے کہ ہونے والا رشتہ کیسا ہوگا؟۔

سراغ رساں ایجنسیوں  کا استعمال وہ شادی شدہ لوگ بھی کررہے ہیں، جنہیں اپنے جیون ساتھی پر کسی قسم کا شک ہوتا ہے یا وہ سمجھتے ہیں کہ دوسرا فریق ان کے ساتھ وفادار نہیں رہا۔ ایسے مرحلے پر میٹری مونیل انویسٹی گیشن ایجنسیوں کا عجیب کردار بھی سامنے آتا ہے۔ ان کی رپورٹ پر اعتماد کرتے ہوے، ان کا کلائنٹ، اپنے جیون ساتھی سے الگ بھی ہوسکتا ہے اور اس جوڑے کے مابین طلاق بھی ہوسکتی ہے۔ مگر اس سے متعلق ان ایجنسیوں والے کہتے ہیں کہ وہ خاندان کو توڑنے کے بجائے صلح کی کوشش کراتے ہیں۔ ان کا مقصد کبھی بھی مؤکل یا ان کے شریک حیات کو طلاق دینے یا شوہر کی دھوکہ دہی کے معاملے میں دوسری عورت کے ساتھ شادی کرنے کے لیے اکسانا نہیں ہوتا۔

 اس وقت پاکستان میں اس طرح کی کئی ایجنسیاں کام شروع کرچکی ہیں مگراکثر کے لیے ہمیں لگتا ہے کہ وہ ویب سائٹ بنا کر، صرف آن لائن ہی کام لیتی ہیں اورنمٹاتی ہیں۔ کیوں کہ کراچی میں ایسی ایک ایجنسی کے دفتر کا ایڈریس، اس کی ویب سائٹ سے نوٹ کرکے، ہم وہاں پہنچے تو پتا چلا کہ وہاں ایک عام سی اسٹیٹ ایجنسی قائم ہے اور ہماری مطلوبہ سراغ رساں ایجنسی والوں نے اسٹیٹ ایجنسی والوں سے بات کرکے فارملٹی کے طور پر اپنا صرف چھوٹا بورڈ وہاں لگادیا ہے۔ جب کہ پورا کام آن لائن ہی کیاجاتا ہے۔

اس طرح کی ایجنسیوں کی ویب سائٹس پر عام ضروری سوالات(FAQs)  کے جوابات میں ممکنہ کلائنٹس کو راغب کرنے کے لیے کہا جاتا ہے کہ شادی آپ کی زندگی کا ایک بڑا فیصلہ ہے، اگر آپ اپنے ہونے والے جیون ساتھی سے متعلق پیشگی تصدیق نہیں کریں گے تو ممکن ہے کہ آپ کو اپنی زندگی میں بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑے اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ یہ فیصلہ آپ کا مستقبل تباہ کر دے۔ لیکن ایک بار جب آپ ہمیں (سراغ رساںایجنسی کو) شادی سے پہلے کی ضروری تفتیش کے لیے مقرر کرلیتے ہیں تو ہم آپ کو صحیح جیون ساتھی کے انتخاب میں مدد کرنے کا یقین دلاتے ہیں۔

ایسی اکثر ایجنسیاں دعویٰ کرتی ہیں کہ وہ نہ صرف پاکستان میں اپنی پیشہ ورانہ جاسوسی کی خدمات فراہم کررہی ہیں بلکہ کسی بھی دوسرے ملک میں بھی یہ خدمات پیش کرنے کو تیار ہیں اور اپنے تشہیری مواد میں بتاتی ہیں کہ وہ جس معاملے کو سنبھالتی ہیں، اس میں رازداری کو اولین ترجیح دیتی ہیں۔ یہ جاسوسی ایجنسیاں جانتی ہیں کہ اکثر لوگ، نجی تفتیش کاروںکے بارے میں شکوک اور تشویش کا شکار ہوتے ہیں کیوںکہ انہوں نے پہلے کبھی ان سے کام نہیں لیا ہوتا۔

شادی سے پہلے یا بعد میں ضروری تحقیقات کے لیے، بھارت میں سیکڑوں جاسوسی ایجنسیاں کھل چکی ہیں۔ رجنی پنڈت بھارت میں ایسی سراغ رساں ایجنسیوں کی بانی اور پہلی خاتون جاسوس کے طور پر مشہورہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ان کے کریڈٹ پر 80 ہزار سے زیادہ حل شدہ کیس ہیںکیوں کہ وہ 1980ء سے یہ کام کر رہی ہیں۔

آکرتی کھتری بھی ایسی ہی ایک ایجنسی وینس ڈیٹیکٹیوز چلاتی ہیں۔

یہ ایجنسیاں کسی کلائنٹ کے لیے کام کے دوران اس کے بتائے ہوئے فرد کی جب جاسوسی کراتی ہیں یعنی اس کا تعاقب کراتی ہیں یا اس کے معمولات نوٹ کرکے کلائنٹ کو اس کی تحریری آگاہی کے لیے رپورٹ اور آڈیو وژیوئل شواہد فراہم کرتی ہیں تو یہ کسی قدر غیرقانونی اور غیر اخلاقی عمل ہوتا ہے۔ ایسے میں وہ قانون کی اس لچک کا فائدہ اٹھاتی ہیں جو شہریوں کی پرائیویسی کے حوالے سے ابھی واضح نہیں ہے۔ لیکن جس کے خلاف یہ سب کرتی ہیں، اگر اسے معلوم ہوجائے اور وہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کرے تو ان کے لیے مسائل کھڑے ہوسکتے ہیں۔ ایسی مثالیں موجود بھی ہیں۔ ایک سراغ رساں ایجنسی کی خاتون گرفتار ہوچکی ہیں کیوں کہ انہوں نے پولیس کو رشوت دے کر اپنی کلائنٹ کی مرضی کے مطابق اس کے شوہر کے خلاف رپورٹ حاصل کی تھی۔

ادارے کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp