برطانوی پارلیمنٹ میں شہباز شریف کی امن کوششوں کو خراجِ تحسین

بدھ 17 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے ہاؤس آف لارڈز کے ارکان نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے قیام میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا میں پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جہاں ارکان نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور امن عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

ارکانِ پارلیمنٹ نے کہا کہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے، مذاکرات کی راہ ہموار کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم سے برطانیہ کے مشیر قومی سلامتی کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

15 جون کو ہونے والے اجلاس کے دوران متعدد برطانوی پارلیمنٹیرینز نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی قیادت کی کوششوں کی تعریف کی۔

لارڈ باربر آف چٹل ہیمپٹن نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کو ان کی امن کوششوں پر باضابطہ مبارکباد پیش کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی خدمات قابلِ ستائش ہیں اور انہیں اس کا مناسب اعتراف ملنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: برطانیہ کا بڑا اعلان، پاکستان کے 11 کاروباری ادارے ’کلائمیٹ فنانس ایکسیلیریٹر‘ کے لیے منتخب

اس موقع پر بیرونس چیپمین نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کو اس مقام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا جہاں جنگ بندی اور امن معاہدے کی جانب پیش رفت ممکن ہوئی۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی سفارتی کوششوں کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ تعریف اور تحسین کے مستحق ہیں۔

بیرونس چیپمین نے مزید کہا کہ پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں نے امریکا اور ایران کے درمیان مکالمے اور اعتماد سازی کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا، جبکہ یہ امن معاہدہ مستقبل میں دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور برطانیہ میں اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق، اصلاحات اور علاقائی استحکام پر تفصیلی تبادلۂ خیال

دریں اثنا، لارڈ احمد آف ومبلڈن نے بھی مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے پاکستانی قیادت کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ایوان کے تمام ارکان اور متعلقہ وزیر امریکا ایران امن عمل میں پاکستان کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہیں۔

ان کے مطابق پاکستان نے علاقائی استحکام، سفارت کاری اور امن کے فروغ میں قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔

مزید پڑھیں: غیر قانونی ہجرت کی روک تھام، برطانیہ کا پاکستان کے لیے 80 لاکھ پاؤنڈ اضافی امداد کا اعلان

لارڈ احمد نے پاکستان اور قطر کی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی مسلسل حمایت اور سفارتی کوششوں نے خطے میں امن و استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے اردو میں اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا بہت بہت شکریہ۔

برطانوی پارلیمنٹ میں ہونے والی اس بحث کے دوران مجموعی طور پر پاکستان کی سفارتی کامیابیوں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور امریکا و ایران کے درمیان مذاکرات اور جنگ بندی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو عالمی امن کے لیے ایک مثبت اور اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp