یوٹیوب دیکھ کر جعلی نوٹ بنانے والا جوڑا گرفتار

بدھ 17 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کی ریاست تلنگانہ میں پولیس نے جعلی کرنسی تیار کرنے والے ایک گروہ کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، جس کے ارکان نے یوٹیوب ویڈیوز دیکھ کر جعلی نوٹ چھاپنے کا طریقہ سیکھا تھا۔

پولیس نے 38 سالہ بیزواڑا راجیو عرف راجو اور اس کی 26 سالہ اہلیہ درگم پاوانی کو جعلی کرنسی بنانے کے جرم میں گرفتار کیا ہے۔

کارروائی کے دوران جعلی کرنسی، پرنٹر، اسکینر، کاغذ کا ذخیرہ اور جعلی 500 روپے کے نوٹ تیار کرنے میں استعمال ہونے والا دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی ایئرپورٹ پر مسافر سے لاکھوں مالیت کی جعلی بھارتی کرنسی برآمد

پولیس کے مطابق ملزمان نے آن لائن ویڈیوز کے ذریعے تکنیکی معلومات حاصل کرنے کے بعد اپنے گھر میں چھوٹے پیمانے پر جعلی کرنسی تیار کرنے کا کاروبار شروع کیا۔

نلگونڈا کے ڈی ایس پی کے شیورام ریڈی کے مطابق ملزمان نے یوٹیوب ویڈیوز سے جعلی نوٹ چھاپنے کا طریقہ سیکھا۔

بعد ازاں انہوں نے ایک ایچ پی پرنٹر، بانڈ پیپر اور دیگر ضروری سامان آن لائن خریدا اور اپنی رہائش گاہ پر جعلی 500 روپے کے نوٹ تیار کرنا شروع کر دیے۔

تحقیقات کے مطابق ملزمان اعلیٰ معیار کے بانڈ پیپر پر نوٹ پرنٹ کرتے، پھر قینچی اور اسٹیل کے اسکیل کی مدد سے انہیں کرنسی کے سائز میں کاٹتے اور اصلی نوٹوں جیسا دکھانے کی کوشش کرتے تھے۔

ڈی ایس پی کے مطابق گروہ خاص طور پر رش والے بازاروں، ہفتہ وار مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کو نشانہ بناتا تھا، جہاں لین دین تیزی سے ہوتا ہے اور جعلی نوٹ فوری طور پر پکڑے جانے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔

بزرگ دکاندار ان کے پسندیدہ اہداف میں شامل تھے، یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ایک دودھ فروش کو 500 روپے کا جعلی نوٹ ملا اور اس نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔

مزید پڑھیں: جعلی کرنسی کیس میں پولیس افسر محمد بلال قیوم کو سروس سے برطرف کردیا گیا

ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے 15 جون کو ان کے گھر پر چھاپہ مار کر دونوں کو گرفتار کر لیا۔

چھاپے کے دوران 500 روپے مالیت کے 15 جعلی نوٹ، جن کی مجموعی مالیت 7,500 روپے بنتی ہے، برآمد کیے گئے۔

پولیس اب اس نیٹ ورک کے حجم اور اس میں مزید افراد کے ملوث ہونے کے امکانات کی تحقیقات کر رہی ہے۔

مزید تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ راجیو ایک عادی مجرم ہے اور اس کے خلاف تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں قتل، اقدامِ قتل اور جعلی کرنسی سے متعلق 7 مقدمات درج ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp