فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 میں گروپ مرحلے کے اہم میچز میں مراکش نے اسکاٹ لینڈ، امریکا نے آسٹریلیا جبکہ برازیل نے ہیٹی کو شکست دے کر اہم کامیابیاں حاصل کر لیں۔
امریکی ٹیم نے اس فتح کے ساتھ ورلڈ کپ کی 96 سالہ تاریخ میں پہلی بار مسلسل 2 میچ جیتنے کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔
مراکش نے اسکاٹ لینڈ کو ایک گول سے زیر کر لیا
گروپ سی کے میچ میں مراکش نے اسکاٹ لینڈ کو ایک صفر سے شکست دے کر تین قیمتی پوائنٹس حاصل کیے، تاہم شکست کے باوجود اسکاٹ لینڈ کے ایونٹ میں آگے بڑھنے کی امیدیں برقرار ہیں۔
بوسٹن میں کھیلے گئے میچ کا آغاز مراکش نے انتہائی جارحانہ انداز میں کیا اور کھیل کے صرف 71ویں سیکنڈ میں سائبری نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی۔
پہلے ہاف میں مراکش نے برتری میں اضافے کی کوششیں جاری رکھیں، جبکہ اسکاٹ لینڈ خسارہ ختم کرنے کے لیے حملے کرتا رہا، تاہم وقفے تک اسکور 0-1 ہی رہا۔
دوسرے ہاف میں اسکاٹ لینڈ نے پہلے کی نسبت بہتر کھیل پیش کیا اور عمدہ پاسنگ کے ساتھ متعدد حملے کیے، لیکن وہ گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ یوں میچ کے اختتام پر مراکش نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کر کے 3 اہم پوائنٹس اپنے نام کر لیے۔
امریکا نے آسٹریلیا کو ہرا کر اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی
گروپ ڈی کے مقابلے میں امریکا نے آسٹریلیا کو دو صفر سے شکست دے کر نہ صرف مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی بلکہ فیفا ورلڈ کپ کی 96 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ لگاتار دو میچ جیتنے کا ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔
سیٹل میں کھیلے گئے میچ میں امریکی ٹیم نے 63 فیصد وقت گیند اپنے قبضے میں رکھی اور مسلسل حریف کے گول پر حملے کیے۔ 11ویں منٹ میں آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون برجس نے غلطی سے گیند اپنے ہی جال میں پہنچا دی، جس سے امریکا کو برتری حاصل ہوئی۔
پہلے ہاف کے آخری لمحات میں ایلکس فری مین نے ایک اور گول کر کے برتری دو صفر کر دی۔ دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے حملے کیے، تاہم کوئی بھی ٹیم مزید گول نہ کر سکی اور امریکا نے دو صفر سے کامیابی اپنے نام کر لی۔
اس فتح کے بعد امریکی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ اپنے گروپ میں سرفہرست آ گئی اور اگلے مرحلے کے لیے بھی کوالیفائی کر گئی۔
برازیل نے ہیٹی کو 3 گول سے شکست دے دی
گروپ سی کے ایک اور اہم میچ میں برازیل نے ہیٹی کو 3 صفر سے شکست دے کر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
برازیل نے ابتدا ہی سے کھیل پر مکمل کنٹرول رکھا اور 23ویں منٹ میں میتھیوس کونہا نے پہلا گول اسکور کیا۔ انہوں نے 36ویں منٹ میں دوسرا گول بھی کیا، جبکہ پہلے ہاف کے اضافی وقت میں وینیسیئس جونیئر نے گول کر کے برتری 3 صفر کر دی۔
دوسرے ہاف میں ہیٹی نے واپسی کی کوشش ضرور کی، تاہم برازیل کے مضبوط دفاع کے سامنے وہ کوئی گول نہ کر سکی۔ برازیل نے بقیہ وقت میں کھیل پر اپنی گرفت برقرار رکھی اور میچ 0-3 سے جیت لیا۔














