’نیشنل ٹیرف پالیسی منظور، اسکریپ کی امپورٹ پر کسٹم ڈیوٹی کم کرنے کی تجویز مسترد

ہفتہ 20 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے ’نیشنل ٹیرف پالیسی 30-2025 کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔

اجلاس کے دوران کمیٹی نے اسکریپ اور ویسٹ (فضلے) کی امپورٹ پر کسٹم ڈیوٹی کم کر کے 10 فیصد کرنے کی تجویز کو یکسر مسترد کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ اس پر کسٹم ڈیوٹی 20 فیصد ہی برقرار رہے گی۔

پاکستان میں ویسٹ سے فیول بنانے کی مشینری ہی موجود نہیں، سیکریٹری تجارت

دورانِ اجلاس سیکریٹری وزارتِ تجارت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کچھ انڈسٹریز باہر سے ویسٹ منگواتی ہیں جس سے فیول (ایندھن) تیار کیا جاتا ہے، کیونکہ فی الوقت پاکستان میں ویسٹ سے فیول بنانے کی مطلوبہ مشینری موجود نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بجٹ پائیدار معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کی بنیاد بنے گا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

انہوں نے واضح کیا کہ باہر سے امپورٹ کیا جانے والا زیادہ تر ویسٹ یہاں کی مقامی انڈسٹریز اپنی فرنس (بھٹیوں) میں استعمال کرتی ہیں۔

پاکستان ویسٹ سے بھرا پڑا ہے، امپورٹ کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے، نفیسہ شاہ

سیکریٹری تجارت کے مؤقف پر کمیٹی کی اہم ممبر نفیسہ شاہ نے سخت استفسار کیا کہ ’پاکستان خود ویسٹ سے بھرا پڑا ہے، تو ہم اسی کچرے سے فیول کیوں نہیں بناتے؟‘ ۔

انہوں نے اصرار کیا کہ باہر سے ویسٹ اور اسکریپ منگوانے کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔ اجلاس میں موجود دوسرے ممبر ارشد ووہرا نے ان کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ صرف کراچی شہر سے روزانہ 25 ہزار ٹن ویسٹ جمع ہوتا ہے۔

کمیٹی نے نفیسہ شاہ کی اس تجویز سے اتفاق کیا کہ نیشنل ٹیرف پالیسی میں ’لوکل ویسٹ‘ (مقامی فضلے) کی ری سائیکلنگ کو باقاعدہ شامل کیا جائے تاکہ ملکی کچرے کو کارآمد بنایا جا سکے۔

پیپر، ایلومینیم اور واٹر ٹینکس پر کسٹم ڈیوٹی میں کمی کے فیصلے

اجلاس میں امپورٹ اور کسٹم ڈیوٹی کے حوالے سے دیگر اہم فیصلے بھی سامنے آئے جن میں سیکریٹری تجارت نے بتایا کہ پیپر پر عائد کسٹم ڈیوٹی کو 20 فیصد سے کم کر کے 15 فیصد کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:بجٹ مالی سال 27-2026: حکومت بلوچستان نے کس محکمے کے لیے کتنا ترقیاتی بجٹ مختص کیا؟

ایلومینیم سے متعلق بتایا گیا کہ ایف بی آر حکام کے مطابق ایلومینیم پر کسٹم ڈیوٹی 15 فیصد سے گھٹا کر 10 فیصد کی جا رہی ہے۔

پانی کے ٹینک سے متعلق بتایا گیا کہ پانی کے ریزروائر ٹینکس پر عائد 20 فیصد کسٹم ڈیوٹی کو مکمل طور پر ختم کیا جا رہا ہے۔

ری سائیکل فائبر سے متعلق کہا گیا کہ ایف بی آر حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ اب نئے فائبر کی طرز پر ’ری سائیکل فائبر‘ پر بھی 5 فیصد کسٹم ڈیوٹی عائد کر دی گئی ہے اور اس مقصد کے لیے ری سائیکل فائبر کا باقاعدہ ’ایچ ایس کوڈ‘ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp