لمبے، گھنے اور صحت مند بال ہر شخص کی خواہش ہوتے ہیں مگر ایک سوال برسوں سے زیرِ بحث ہے کہ آخر بالوں کو کتنی بار برش کرنا چاہیے؟ ماہرین کے مطابق اس کا کوئی ایک جواب نہیں کیونکہ یہ مکمل طور پر بالوں کی ساخت، قسم، برش کے انتخاب اور روزمرہ معمولات پر منحصر ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا قبل از وقت سفید ہونے والے بالوں کی رنگت واپس بحال کرنا ممکن ہے؟
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ماضی میں یہ تصور عام تھا کہ روزانہ بالوں پر 100 مرتبہ برش کرنے سے وہ زیادہ صحت مند اور لمبے ہو جاتے ہیں۔ یہ خیال آسٹریا کی ملکہ ایمپریس الزبتھ المعروف سِسی سے منسوب کیا جاتا ہے جن کے بارے میں مشہور تھا کہ وہ ہر رات اپنے بالوں پر 100 مرتبہ برش کرتی تھیں۔ تاہم ماہرین کے مطابق اس دعوے کے حق میں کوئی سائنسی ثبوت موجود نہیں اور اسے ایک پرانا افسانہ تصور کیا جاتا ہے۔
بالوں کو سنوارنے کی روایت ہزاروں سال پرانی
ماہرین کے مطابق کنگھی اور برش کا استعمال انسان صدیوں سے کرتا آ رہا ہے۔ قدیم تہذیبوں میں لوگ صفائی اور آرائش دونوں مقاصد کے لیے مختلف قسم کی کنگھیاں استعمال کرتے تھے۔
وکٹورین دور میں خواتین کے لمبے بال حسن کی علامت سمجھے جاتے تھے اس لیے روزانہ کنگھی اور قدرتی ریشوں والے برش سے بال سنوارنا معمول تھا تاکہ گرد و غبار صاف ہو، بال سلجھیں اور قدرتی تیل پورے بالوں میں پھیل سکے۔
سنہ 1898 میں امریکی ہیئر ڈریسر لیڈا نیومین نے مصنوعی ریشوں والا جدید ہیئر برش ایجاد کیا جس کے بعد برش عام لوگوں کی پہنچ میں آ گئے اور بالوں کی دیکھ بھال کا رجحان مزید بڑھ گیا۔
کیا زیادہ برش کرنے سے بال تیزی سے بڑھتے ہیں؟
کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی ہیئر اسپیشلسٹ نکی کورزین کے مطابق یہ ایک عام مگر غلط تصور ہے کہ زیادہ برش کرنے سے بال تیزی سے بڑھتے ہیں۔
ان کے مطابق برش کرنے سے بالوں کی نشوونما میں اضافہ نہیں ہوتا بلکہ حد سے زیادہ برش کرنا بعض اوقات بالوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
زیادہ برش کرنے سے نقصان بھی ہو سکتا ہے
سائنسی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مسلسل اور سختی سے برش کرنے سے بال اندرونی اور بیرونی سطح پر کمزور ہو سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق زیادہ دباؤ کے ساتھ بار بار برش کرنے سے بالوں میں دراڑیں پڑ سکتی ہیں، 2 منہ بال بن سکتے ہیں اور ٹوٹنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
آئرلینڈ کی ٹرینیٹی کالج ڈبلن کے انجینیئرنگ پروفیسر ڈیوڈ ٹیلر کے مطابق نقصان صرف برش کی تعداد سے نہیں بلکہ اس دوران استعمال ہونے والی طاقت سے بھی ہوتا ہے۔
دوسری جانب ماہر ٹریفر ایونز کا کہنا ہے کہ عام حالات میں برش سے ہونے والا نقصان ہیئر ڈرائر، ہیئر اسٹریٹنر، کیمیکل ٹریٹمنٹ اور رنگ کرنے کے مقابلے میں بہت کم ہوتا ہے۔
پھر برش کرنا کیوں ضروری ہے؟
ماہرین کے مطابق مناسب انداز میں برش کرنا اب بھی بالوں کی صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔
اس سے بالوں میں گرنے والے مردہ بال، خشکی، گرد و غبار اور دیگر ذرات صاف ہوتے رہتے ہیں جبکہ بڑے الجھے ہوئے گرہیں بننے سے بھی بچاؤ ہوتا ہے۔
مزید پڑھیے: بالوں کے ایک ٹیسٹ نے ماں کو بچی سے محروم کرنے کی نوبت کیوں پیدا کی؟
اسی طرح برش کرنے سے قدرتی تیل بالوں کی جڑوں سے پورے بالوں میں پھیل جاتا ہے جس سے بال زیادہ نرم اور چمکدار محسوس ہوتے ہیں۔
بالوں کو کتنی بار برش کرنا چاہیے؟
ماہرین کے مطابق سیدھے یا ہلکے لہردار بال رکھنے والے افراد کو ہفتے میں کم از کم 3 مرتبہ اور بہتر طور پر روزانہ ایک یا 2 مرتبہ بال برش کرنے چاہییں۔
تاہم ایسے افراد کو گیلے بال برش کرنے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ پانی کی وجہ سے بال وقتی طور پر زیادہ کمزور ہو جاتے ہیں اور ٹوٹنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
گھنگریالے اور گھنے بال رکھنے والوں کے لیے مختلف مشورہ
ماہرین کے مطابق گھنگریالے، سخت گھنگریالے یا بہت زیادہ گھنے بال رکھنے والوں کے لیے صورتحال مختلف ہوتی ہے۔
ایسے بال خشک حالت میں برش کرنے کے بجائے صرف دھونے کے دوران سلجھانے چاہییں اور اس کے لیے خصوصی ڈی ٹینگلنگ برش اور ہیئر پروڈکٹس استعمال کرنا بہتر رہتا ہے۔
امریکا کی اسپیلمین کالج کی پروفیسر مشیل گینز کے مطابق گھنگریالے بالوں کی ساخت سیدھے بالوں سے مختلف ہوتی ہے اس لیے وہ زیادہ آسانی سے الجھ سکتے ہیں اور ٹوٹ سکتے ہیں۔
برش کا انتخاب بھی اہم
ماہرین کا کہنا ہے کہ برش کرنے کے طریقے کی طرح صحیح برش کا انتخاب بھی اتنا ہی ضروری ہے۔
گیلے یا گھنگریالے بالوں کے لیے نرم اور لچکدار ڈی ٹینگلنگ برش بہتر سمجھا جاتا ہے جبکہ خشک بالوں کے لیے نرم قدرتی ریشوں والا برش زیادہ موزوں ہوتا ہے کیونکہ وہ قدرتی تیل کو پورے بالوں میں پھیلانے میں مدد دیتا ہے۔
کچھ ماہرین اب ایسے جدید ہائبرڈ برش بھی تیار کر رہے ہیں جن میں پلاسٹک کے نرم دانت اور قدرتی ریشے دونوں موجود ہوتے ہیں تاکہ بال سلجھانے اور انہیں چمکدار بنانے کا عمل ایک ساتھ انجام دیا جا سکے۔
گرمی اور کیمیکل سے زیادہ نقصان
ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ بالوں کو سب سے زیادہ نقصان بار بار ہیئر اسٹریٹنر، ہیئر ڈرائر، بلیچنگ، رنگ کرنے اور دیگر کیمیکل ٹریٹمنٹس سے پہنچتا ہے جبکہ مناسب انداز میں برش کرنا عام طور پر محفوظ عمل ہے۔
ماہرین کا مشورہ
ماہرین کے مطابق بالوں کی دیکھ بھال کے لیے کسی ایک مقررہ تعداد میں برش کرنا ضروری نہیں بلکہ اصل اہمیت صحیح تکنیک، مناسب برش، بالوں کی قسم اور نرمی سے برش کرنے کی ہے۔
مزید پڑھیں: بالوں کو گرنے سے روکنےکے لیے کون سی غذائیں استعمال کی جائیں؟
ان کے مطابق اگر بالوں کو آہستگی سے، مناسب برش کے ذریعے اور اپنی بالوں کی ساخت کے مطابق سنوارا جائے تو نہ صرف الجھاؤ کم ہوتا ہے بلکہ بال بھی زیادہ صحت مند اور خوبصورت رہتے ہیں۔














