پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے منگل کے روز ازبکستان کے خلاف گول کرکے فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ وہ 6 مختلف ورلڈ کپ مہمات میں گول کرنے والے پہلے مرد کھلاڑی بن گئے۔
41 سالہ رونالڈو نے، جو حالیہ بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں گول نہ کرنے کی وجہ سے دباؤ کا شکار تھے، میچ کے صرف چھٹے منٹ میں قریب سے گیند جال میں پہنچا کر تاریخ رقم کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کے بیان نے میسی اور رونالڈو کی تاریخی رقابت کو دوبارہ اجاگر کردیا
یہ کارنامہ رونالڈو کے طویل اور کامیاب کیریئر کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سابق مانچسٹریونائیٹڈ، ریال میڈرڈ اور ہووینٹس اسٹار نے اپنا پہلا ورلڈ کپ گول 2006 میں ایران کے خلاف کیا تھا۔
شمالی امریکا میں جاری ورلڈ کپ میں پرتگال کے ٹائٹل مشن کا آغاز جمہوریہ کانگو کے خلاف 1-1 کے مایوس کن ڈرا سے ہوا تھا، جس میں رونالڈو کا کردار خاصا غیر مؤثر رہا تھا اور انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
Ronaldo Makes History Again — First Player to Score in 6 FIFA World Cups! ⚽🇵🇹
Cristiano Ronaldo just etched his name even deeper into the record books with a goal for Portugal at the 2026 World Cup. The first player ever to score in six different FIFA World Cups.
Legendary… pic.twitter.com/kwPm3wEZ3E
— Paul A. Szypula 🇺🇸 (@Bubblebathgirl) June 23, 2026
ازبکستان کے خلاف میچ سے قبل بڑے بین الاقوامی مقابلوں میں اپنے گزشتہ 10 میچوں کے دوران رونالڈو ایک بھی گول نہ کر سکے تھے، جبکہ ان کے نام صرف ایک اسسٹ تھی۔
گول کے سامنے ان کی مشکلات کا موازنہ دیگر عالمی ستاروں جیسے لیونل میسی، ارلنگ ہیلانڈ، کائیلیئن مباپے اور ہیری کین سے کیا جا رہا تھا۔
فٹبال تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے رونالڈو نے 2003 میں بین الاقوامی فٹبال میں قدم رکھا تھا۔
مزید پڑھیں: کیا عظیم فٹبالر رونالڈو فلمی دنیا میں قدم رکھنے والے ہیں؟
اس وقت وہ سعودی کلب النصر کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انہوں نے رواں سیزن لیگ کے 30 میچوں میں 28 گول اسکور کیے ہیں۔
ہیوسٹن میں رونالڈو نے تیسرے ہی منٹ میں گول کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن نونو مینڈیز کے کراس پر وہ معمولی فرق سے گیند تک نہ پہنچ سکے۔
اس موقع پر انہوں نے مایوسی کا اظہار کیا، تاہم یہ مایوسی زیادہ دیر برقرار نہ رہی اور چند منٹ بعد وہ اپنا تاریخی گول کرنے میں کامیاب ہو گئے۔













