ماہ رنگ لانگو اور صبغت اللہ کو سزا، شہید سیکیورٹی اہلکار کے اہلخانہ کا عدالتی فیصلے پر اظہار اطمینان

بدھ 24 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما ماہ رنگ لانگو کے احتجاج کے دوران شہید ہونے والے سپاہی شبیر بلوچ کے اہلخانہ اور قریبی عزیزوں نے ماہ رنگ اور صبغت اللہ کے خلاف عدالتی فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے انصاف کی فراہمی کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔

شہید سپاہی شبیر بلوچ کی والدہ حسن بانو نے عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے ان کا ساتھ دیا اور عدالت نے درست فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ میرے بیٹے کے ساتھ ناانصافی ہوئی، ذمہ داروں کو سزا ملنا ضروری تھا۔

شہید شبیر بلوچ کے بھائی نذیر احمد کھوسہ نے بھی عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ ان کے خاندان کے ساتھ ظلم اور ناانصافی ہوئی تھی، تاہم عدالتی فیصلے سے انہیں انصاف ملا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیاکہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کو بھی قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

شہید شبیر بلوچ کے کزن محمد انور کھوسہ نے کہاکہ شبیر ایک مخلص، بااخلاق اور عزت کرنے والا دوست تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جب بھی شبیر بلوچ چھٹیوں پر گاؤں آتا تو اپنے دوستوں کے ساتھ وقت گزارتا تھا اور اپنے خوش اخلاق رویے کی وجہ سے سب کا محبوب تھا۔

شہید سپاہی شبیر بلوچ کے اہلخانہ اور قریبی عزیزوں نے عدالتی فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے شہید کے لیے انصاف کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل کوئٹہ کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما ماہ رنگ لانگو اور صبغت اللہ کو گوادر میں ایک سیکیورٹی اہلکار کے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp