پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے آج پیر کو جاری کردہ موسمیاتی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ ملک میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ جولائی کے پہلے ہفتے سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جون سے مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جبکہ بحیرۂ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں مسلسل ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں تک پہنچ رہی ہیں۔ اس کے علاوہ خلیج بنگال سے نمی سے بھرپور ہوائیں بھی 2 جولائی سے شمالی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
ان موسمی نظاموں کے زیر اثر یکم سے 6 جولائی کے دوران آزاد کشمیر کے وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں بالا، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں وقفے وقفے سے بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، کرک، ٹانک، لکی مروت، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، ہنگو، وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں یکم سے 5 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور نارووال میں یکم سے 6 جولائی تک بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
Onset of Monsoon Rains likely during the first week of July, 2026.#PMD #pmdweather #monsoon #monsoonrain #pressrelease #FloodSeason2026 #PakistanMeteorologicalDepartment #FloodForecasting #FFDLahore #Monsoon2026 #WeatherUpdatePK #DisasterPreparedness pic.twitter.com/HVsxmbHpZ8
— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) June 29, 2026
محکمہ موسمیات کے مطابق 3 سے 5 جولائی کے دوران ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، اوکاڑہ، قصور، نورپور تھل، بھکر، لیہ، میانوالی، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ اور راجن پور میں بھی وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں یکم سے 5 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی علاقوں، جن میں ژوب، شیرانی، کوہلو، نصیر آباد، ہرنائی، سبی، بارکھان اور ڈیرہ بگٹی شامل ہیں، یکم سے 4 جولائی کے دوران بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
سندھ میں 3 اور 4 جولائی کو سکھر، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد، شہید بینظیر آباد، کشمور، شکارپور، گھوٹکی، خیرپور، قمبر شہدادکوٹ اور نوشہروفیروز میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور بارشوں کے باعث سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور دیگر کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ یکم سے 6 جولائی کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ 2 سے 5 جولائی کے دوران کشمیر، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان کے مقامی ندی نالوں اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی برساتی نالوں میں اچانک سیلاب آسکتا ہے۔
اسی طرح یکم سے 4 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کا بھی خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو پیش گوئی کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ کسانوں کو موسمی صورتحال کے مطابق زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ محکمہ کے مطابق بارشوں کے باعث ملک میں جاری شدید گرمی اور حبس کی کیفیت میں نمایاں کمی آنے کا بھی امکان ہے۔














