اداکارہ زارا نور عباس نے خواتین کو ایک دوسرے کے مقابل لا کھڑا کرنے کے بڑھتے ہوئے آن لائن رجحان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ محض تفریح اور زیادہ ویوز حاصل کرنے کے لیے خواتین اداکاراؤں کے درمیان غیر ضروری مقابلہ آرائی پیدا کر دی جاتی ہے۔
حال ہی میں زارا نور عباس اس وقت خبروں کی زینت بنیں جب انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ایسی پوسٹ کو لائیک کیا جس میں ڈرامہ ’زنجیریں‘ میں سجل علی اور سحر ہاشمی کی اداکاری کا موازنہ کیا گیا تھا۔ متعدد صارفین نے اس لائیک کو اس طرح لیا جیسے زارا سجل علی پر تنقید کر رہی ہوں جس کے بعد انہوں نے اپنے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے تمام قیاس آرائیوں کی تردید کی۔
یہ بھی پڑھیں: زارا نور عباس کا شوبز انڈسٹری میں جسم کو دیکھ کر کام ملنے کا چونکا دینے والا انکشاف
زارا نے آن لائن ٹرولز کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ہاں، خواتین کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرتے رہیں۔ آوازیں کسیں، لیبل لگائیں، باتوں کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کریں اور ان فضول کہانیوں سے ویوز اور پیسہ کمائیں۔ اگر میری وجہ سے یا ہم سب کی وجہ سے کسی کے گھر کا چولہا جلتا ہے تو مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں۔
اپنے بیان میں زارا نے اس رجحان پر تنقید کی جس کے تحت خواتین کے درمیان مصنوعی رقابتیں پیدا کی جاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر معمولی واقعات کو بھی اصل تناظر سے ہٹا کر سنسنی خیز اور کلک بیٹ خبروں میں تبدیل کر دیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: زارا نور عباس اور سجل علی کی دوستی ختم؟ اداکارہ نے راز فاش کردیا
واضح رہے کہ زارا نور عباس ماضی میں بھی خواتین کے حقوق، ملازمت پیشہ خواتین کو درپیش سماجی رویوں اور ذہنی صحت جیسے اہم موضوعات پر کھل کر اظہارِ خیال کرتی رہی ہیں۔ وہ ڈپریشن، بے چینی اور خود کی دیکھ بھال (سیلف کیئر) سے متعلق آگاہی مہمات میں بھی سرگرم کردار ادا کرتی ہیں۔














