لاس اینجلس اولمپکس 2028: کرکٹ کی تاریخی واپسی، ٹیموں کی کوالیفکیشن کا فارمولا سامنے آگیا

پیر 29 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے لاس اینجلس 2028 اولمپکس میں کرکٹ کی تاریخی واپسی کے لیے کوالیفکیشن کا مکمل طریقہ کار جاری کردیا ہے، جس کے تحت پہلی مرتبہ آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر بھی منعقد کیا جائےگا۔

’مردوں اور خواتین کے مقابلوں میں 6،6 ٹیمیں شریک ہوں گی‘

لاس اینجلس اولمپکس میں مردوں اور خواتین کے ٹی20 مقابلوں میں 6،6 ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ افریقہ، ایشیا، یورپ اور اوشیانا سے کم از کم ایک، ایک ٹیم کی نمائندگی یقینی بنائی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی واپسی، ٹکٹوں کی فروخت شروع

مزید پڑھیں: لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی واپسی، ٹکٹوں کی فروخت شروع

ہر ایونٹ میں پانچ کوالیفکیشن مقامات کا فیصلہ آئی سی سی کے موجودہ ایونٹس اور آئی سی سی ٹی20 انٹرنیشنل رینکنگ کے امتزاج سے کیا جائے گا، جو پہلے سے منظور شدہ اور شائع شدہ فیوچر ٹورز پروگرام کے مطابق ہوگا۔

مردوں اور خواتین دونوں ایونٹس میں چھٹے اور آخری کوالیفکیشن مقام کا فیصلہ نئے متعارف کرائے گئے **آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر 2027** کے ذریعے ہوگا۔

ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 سے پہلی ٹیمیں کوالیفائی

جاری آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے نتیجے میں لاس اینجلس 2028 کے لیے پہلی ٹیموں کی کوالیفکیشن بھی یقینی ہوگئی ہے۔

آسٹریلیا، گریٹ برطانیہ (انگلینڈ کے ذریعے)، بھارت اور جنوبی افریقہ نے افریقہ، ایشیا، یورپ اور اوشیانا سے اپنی اپنی براعظمی نمائندگی کی بنیاد پر کوالیفائی کرلیا ہے۔ ہر براعظم سے صرف ایک ٹیم کو براہ راست کوالیفکیشن دی گئی ہے۔

چونکہ ویسٹ انڈیز متعدد کیریبین ممالک پر مشتمل آئی سی سی کا مشترکہ رکن ہے اور اسے آئی او سی کی جانب سے نیشنل اولمپک کمیٹی کی حیثیت حاصل نہیں، اس لیے ویسٹ انڈیز اولمپکس میں شرکت یا کوٹہ حاصل کرنے کا اہل نہیں ہوگا۔

تاہم اگر مردوں اور خواتین کی ویسٹ انڈیز ٹیمیں 31 دسمبر 2026 تک کوالیفائی نہ کرنے والی ٹاپ 8 ٹیموں میں شامل ہوئیں تو خطے کی نمائندہ این او سی کے انتخاب کے لیے ایک خصوصی کیریبین کوالیفائر منعقد کیا جائے گا، جس کی فاتح ٹیم آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر 2027 میں شرکت کرے گی۔

’امریکا کے لیے میزبان ہونے کی بنیاد پر خصوصی موقع‘

امریکا کو میزبان ملک ہونے کے باعث مردوں اور خواتین دونوں مقابلوں میں کوالیفائی کرنے کا موقع حاصل ہوگا، بشرطیکہ وہ 30 جون 2026 سے 31 دسمبر 2026 کے دوران کسی بھی وقت متعلقہ آئی سی سی ٹی20 رینکنگ میں ٹاپ 15 میں شامل ہو۔

اگر امریکی خواتین کی ٹیم یہ معیار پورا نہ کر سکی تو پانچواں خودکار کوالیفکیشن مقام یکم مارچ 2027 کی رینکنگ کے مطابق کسی بھی براعظم کی اعلیٰ ترین غیر کوالیفائی ٹیم کو دیا جائے گا۔

اسی طرح اگر امریکی مردوں کی ٹیم معیار پر پورا نہ اتری تو پانچواں خودکار مقام 31 دسمبر 2026 تک کوالیفائی نہ کرنے والی اگلی اعلیٰ رینک یافتہ ٹیم کو دیا جائےگا۔

مردوں کے ایونٹ کی باقی نشستوں کا فیصلہ

مردوں کے مقابلوں کی باقی نشستوں کا فیصلہ 31 دسمبر 2026 کی آئی سی سی ٹی20 رینکنگ کے مطابق ہوگا، جس میں افریقہ، ایشیا، یورپ اور اوشیانا کی اعلیٰ ترین اہل ٹیمیں لاس اینجلس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

’آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر 2027 میں 8،8 ٹیمیں شریک ہوں گی‘

مردوں اور خواتین دونوں ایونٹس کے آخری کوالیفکیشن مقام کا فیصلہ آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر 2027 میں ہوگا، جس میں دونوں مقابلوں میں 8،8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

’ایونٹ کی تاریخوں اور میزبان ملک کا اعلان بعد میں کیا جائےگا‘

ہر کوالیفائر میں باقی 7 ٹیمیں متعلقہ آئی سی سی ٹی20 رینکنگ کی اگلی اعلیٰ رینک یافتہ ٹیمیں ہوں گی، جو پہلے ہی لاس اینجلس اولمپکس کے لیے کوالیفائی نہ کر چکی ہوں۔

یہ ایک تاریخی اور شاندار لمحہ ہے، چیئرمین آئی سی سی جے شاہ

آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہاکہ اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی ہمارے کھیل کے لیے ایک تاریخی لمحہ اور دنیا کے سامنے کرکٹ کے بہترین معیار کو پیش کرنے کا شاندار موقع ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس کوالیفکیشن نظام کی منظوری لاس اینجلس 2028 کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے دنیا بھر کے رکن ممالک کو اولمپکس تک رسائی کا واضح اور پرجوش راستہ مل گیا ہے۔

اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی درست فیصلہ ہے، چیف ایگزیکٹو آئی سی سی

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہاکہ اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی اس کھیل کو عالمی سطح پر سب سے بڑے اسپورٹس پلیٹ فارم پر پیش کرنے کا منفرد موقع فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کوالیفکیشن ڈھانچہ آئی او سی اور لاس اینجلس 2028 کی شراکت کے اصولوں کے مطابق عالمی نمائندگی اور مسابقتی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔

ان کے مطابق موجودہ آئی سی سی ایلیٹ مقابلوں کے نظام سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک نیا کوالیفائنگ ایونٹ بھی متعارف کرایا گیا ہے، جو لاس اینجلس 2028 تک کے سفر میں ایک دلچسپ سنگ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے آئی او سی، لاس اینجلس 2028 آرگنائزنگ کمیٹی، تمام آئی سی سی رکن ممالک اور ان کی نیشنل اولمپک کمیٹیوں کا کرکٹ کی اولمپکس میں واپسی کے لیے مسلسل تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔

’اولمپک مقابلوں کا فارمیٹ‘

کوالیفائی کرنے والی ہر ٹیم 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ منتخب کر سکے گی۔

تمام ٹیموں کو 3،3 ٹیموں پر مشتمل 2 گروپس میں تقسیم کیا جائےگا۔ ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر دونوں ٹیموں کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلے گی، جس کے بعد مخالف گروپ کی ان 2 ٹیموں کے خلاف مزید 2 میچ ہوں گے جو اسی پوزیشن پر ختم نہیں ہوئیں۔

آخر میں پوائنٹس ٹیبل کی پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں سونے اور چاندی کے تمغے کے لیے مدمقابل ہوں گی، جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں کانسی کے تمغے کے لیے مقابلہ کریں گی۔

مزید پڑھیں: لاس اینجلس اولمپکس 2028 کا شیڈول جاری، خواتین ایونٹس کو نمایاں مقام حاصل

مردوں اور خواتین کے دونوں ایونٹس میں مجموعی طور پر 28 میچ کھیلے جائیں گے، اور تمام مقابلے پومونا میں خصوصی طور پر تعمیر کیے گئے کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔

اولمپک چارٹر کے مطابق ہر بین الاقوامی فیڈریشن اپنے کھیل کے اولمپکس میں شرکت کے قواعد اور کوالیفکیشن معیار طے کرنے کی ذمہ دار ہوتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp