چینی سفارتکار کا پاکستانی عوام کو خراج تحسین، سی پیک پاک چین دوستی کا مضبوط ترین پل قرار

بدھ 1 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں چین کے سفارتخانے کے ثقافتی قونصلر چن پینگ نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام بہادر، ملنسار اور مہمان نواز ہیں جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے کے لیے پاکستان کا کردار حیران کن اور قابل تعریف رہا ہے۔ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا اہم ترین پل قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور چین کے درمیان لیتھیم آئن بیٹری مینوفیکچرنگ کے لیے اہم معاہدہ

بدھ کے روز وی نیوز کے دورے کے موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے چن پینگ نے کہا کہ وہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے پاکستان میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور اس دوران انہوں نے پاکستانی عوام کو نہایت بہادر، دوستانہ اور مہمان نواز پایا ہے۔

اس موقعے پر وی نیوز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر امجد عزیز ملک، چیف ایڈیٹر عمار مسعود، ڈائریکٹر وی نیوز انگلش عرفان غوری اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔ چینی ثقافتی قونصلر کو ادارے کے مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کرایا گیا جہاں انہوں نے ادارے کے کام کا جائزہ لیا اور عملے سے ملاقات بھی کی۔

وی نیوز کی ٹیم کو سراہتے ہوئے چن پینگ نے کہا کہ آج وی نیوز کا میرا پہلا دورہ ہے اور میں نے یہاں کی ٹیم کو انتہائی باصلاحیت، پرجوش اور متحرک پایا ہے۔ مستقبل میں ہم مزید تعاون کریں گے اور مشترکہ طور پر مختلف تقریبات کا انعقاد بھی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ثقافتی روابط دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے بقول پاکستانی عوام اب چینی ثقافت سے زیادہ آگاہ ہو رہے ہیں جبکہ وہ خود پاکستان کی ثقافت، روایات، کھانوں اور کھیل پولو کو چینی عوام کے سامنے متعارف کرانے کے لیے سرگرم ہیں۔

مزید پڑھیے: اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ کا رابطہ، ایران امریکا امن عمل اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر تبادلہ خیال

چن پینگ نے کہا کہ مجھے پاکستانی کھانے، خصوصاً باربی کیو بہت پسند ہیں جبکہ مجھے پولو کا کھیل بھی پسند ہے اور میں نے اسے چین میں بھی متعارف کرایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام نہ صرف بہادر بلکہ محنتی بھی ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان اور چین دونوں دنیا میں امن کے خواہاں ہیں اور دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی، جبکہ دونوں مل کر دنیا کو زیادہ خوبصورت اور پرامن بنانے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

سی پیک کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے چن پینگ نے کہا کہ یہ منصوبہ چین اور پاکستان کے درمیان تعلقات کا سب سے اہم پل ہے۔ ان کے مطابق سی پیک پاکستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا، معاشی ترقی کو فروغ دے گا اور دونوں ممالک کے تعلقات کی ایک مثال بنے گا۔

انہوں نے سیاحت اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ پر بھی زور دیا اور پاکستانی عوام پر زور دیا کہ وہ چین کا سفر کریں اور وہاں کی ثقافت اور تہذیب کو قریب سے دیکھیں۔

مزید پڑھیں: پاک چین دوستی ہر آزمائش میں سرخرو رہی، سی پیک ترقی و خوشحالی کی علامت ہے، عطا اللہ تارڑ

چینی ثقافتی قونصلر نے کہا کہ رواں سال پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے جس کے موقعے پر دونوں ممالک میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جو دونوں ملکوں کے تاریخی اور دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp