پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن (ایس اے سی ایف) نے جدہ میں بین الاقوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے ہیں۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے کرکٹ انفراسٹرکچر، تکنیکی مہارت، اسٹیڈیم کی منصوبہ بندی اور کھیل کے فروغ کے مختلف شعبوں میں مل کر کام کریں گے تاکہ سعودی عرب میں کرکٹ کو عالمی سطح پر فروغ دیا جا سکے۔
پاکستان اور سعودی عرب نے کھیلوں کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دیتے ہوئے جدہ میں بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے ہیں۔
Saudi Cricket Federation, Pakistan Cricket Board Sign MoU to Develop Cricket Stadium in Jeddah.https://t.co/CHE3tWdBIB#SPAGOV pic.twitter.com/6X7Sjj67tk
— SPAENG (@Spa_Eng) July 2, 2026
دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کی جانب سے جاری مشترکہ بیان کے مطابق معاہدے پر سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن (ایس اے سی ایف) کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل بن محمد آل سعود اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین و وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دستخط کیے۔
محسن نقوی بدھ کو سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچے، جہاں وہ سعودی قیادت کے ساتھ سیکیورٹی، انسدادِ منشیات اور ادارہ جاتی تعاون سمیت مختلف امور پر بھی بات چیت کر رہے ہیں۔
مشترکہ بیان کے مطابق معاہدے کے تحت دونوں فریق جدید بین الاقوامی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے انفراسٹرکچر کی ترقی، تکنیکی مہارت، مقام کے انتخاب، منصوبہ بندی اور آپریشنل معیار پر مشترکہ طور پر کام کریں گے۔
سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل بن محمد آل سعود نے کہا کہ یہ شراکت داری صرف جدہ میں ایک بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ سعودی عرب میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے، قابلِ اعتماد شراکت داری قائم کرنے اور پائیدار سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
The cricket boards of Pakistan (@TheRealPCB) and Saudi Arabia (@cricketsaudi) have signed a MoU to build an international cricket stadium in Saudi Arabia https://t.co/oXgcFC0Dtk pic.twitter.com/MM4G9tmHzT
— Arab News | Sport (@ArabNewsSport) July 2, 2026
بیان میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ اسٹیڈیم سعودی عرب کو مستقبل میں بین الاقوامی کرکٹ میچز اور بڑے ٹورنامنٹس کی میزبانی کے قابل بنائے گا، جبکہ یہ منصوبہ سعودی وژن 2030 کے تحت کھیلوں میں سرمایہ کاری، اسپورٹس ٹورازم اور عوامی شمولیت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
معاہدے میں اسٹیڈیم کے علاوہ مکمل کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی بھی شامل ہے، جس میں معیاری کرکٹ گراؤنڈ، براڈکاسٹ اور میڈیا سہولیات، مہمان نوازی کے انتظامات، تربیتی مراکز اور شائقین کے لیے جدید سہولیات کی فراہمی شامل ہوگی، تاکہ کھلاڑیوں، آفیشلز، تماشائیوں اور تجارتی شراکت داروں کے لیے عالمی معیار کا ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس کے علاوہ دونوں ممالک کرکٹ مقابلوں کے انعقاد، کوچنگ اور تکنیکی پروگراموں، صلاحیتوں کے فروغ اور باہمی تجربات کے تبادلے میں بھی تعاون کریں گے، جس سے سعودی عرب میں کرکٹ کی پائیدار ترقی اور نئی نسل کے لیے مواقع پیدا ہوں گے۔
The cricket boards of Pakistan and Saudi Arabia partner to build an international cricket stadium in Saudi Arabia. https://t.co/AfMu8i7e3b
— Arab News Pakistan (@arabnewspk) July 1, 2026
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے سفر کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شراکت داری دونوں ممالک کی کرکٹ برادریوں کو قریب لانے، کھیل کو مضبوط بنانے اور ایک دیرپا ورثہ چھوڑنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی ٹی20 رینکنگ: ابرار احمد دنیا کے دوسرے بہترین باؤلر بن گئے
واضح رہے کہ سعودی عرب میں 2020 میں سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن کے قیام کے بعد کرکٹ کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ فیڈریشن نے قومی ٹیموں کی تیاری، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور کھیل کے فروغ کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں۔
کرکٹ پہلی بار 1960 کی دہائی میں پاکستان اور بھارت سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کے ذریعے سعودی عرب متعارف کرائی گئی تھی، جبکہ مملکت 2003 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی الحاقی رکن اور 2016 میں ایسوسی ایٹ رکن بنی۔













