امریکا کے شہر نیویارک میں ایک روسی جوڑے نے دنیا کی مشہور ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کی 1454 فٹ بلند ٹرانسمیشن ٹاور پر غیرقانونی طور پر چڑھ کر عالمی توجہ حاصل کر لی۔ دونوں نے چوٹی پر ’دنیا میں امن‘ کا پیغام درج بینر لہرایا، پھر وہیں منگنی کی، تاہم نیچے اترنے کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔
نیویارک کے تاریخی ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ میں بدھ کے روز ایک غیرمعمولی واقعہ پیش آیا، جب روسی شہری اینجیلا نیکولاؤ اور وانیا بیرکس نے عمارت کے عوام کے لیے ممنوعہ ٹرانسمیشن ٹاور پر چڑھنے کا خطرناک کارنامہ انجام دیا۔
دونوں سیاہ لباس اور چہرے ڈھانپے ہوئے تقریباً 1454 فٹ بلند عمارت کی چوٹی تک پہنچے، جہاں انہوں نے ایک بڑا سیاہ بینر کھولا، جس پر درج تھا: ’جب محبت کی طاقت، طاقت کی محبت پر غالب آ جائے گی تو دنیا امن کو پہچان لے گی‘۔
🚨#BREAKING: Two people have climbed the at the very top of Empire State Building
Heavy police and emergency crews are responding to a security breach after two individuals a man and a woman dressed in black clothing and wearing masks climbed to the… pic.twitter.com/k4Che2PXdx
— Heated Rep🔥rts (@heatedreports) July 1, 2026
یہ جملہ عموماً معروف موسیقار جمی ہینڈرکس سے منسوب کیا جاتا ہے، تاہم مؤرخین کے مطابق اس کا اصل خالق برطانوی سیاست دان ولیم گلیڈ اسٹون تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب سیاح آبزرویشن ڈیک پر موجود تھے۔ سینکڑوں فٹ بلندی پر دونوں کو ٹاور پر حرکت کرتے دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے، جبکہ پولیس نے احتیاطاً آبزرویشن ڈیک خالی کرا لیا اور اطراف کی سڑکیں بھی عارضی طور پر بند کر دیں۔ ایک پولیس ہیلی کاپٹر بھی مسلسل فضائی نگرانی کرتا رہا۔
کچھ دیر بعد دونوں نیچے ایک پلیٹ فارم تک اترے، جہاں وانیا بیرکس نے گھٹنے کے بل بیٹھ کر اینجیلا نیکولاؤ کو شادی کی پیشکش کی۔ اینجیلا نے فوراً ہاں کر دی، جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا اور بوسہ دیا۔ بعد ازاں اینجیلا نے اپنی نقاب بھی اتار دی۔ اس پوری مہم کی ویڈیوز اور تصاویر بعد میں سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں۔
Have you guys seen this yet? Two brave people climbed to the top of the NYC's Empire State Building! Watch what happens…can you believe this? He proposed to her! 🤣🤣🤣 https://t.co/63Tsh2XW8C pic.twitter.com/mSKJfxlNPJ
— LynneP (@LynneBP_294) July 1, 2026
اینجیلا نیکولاؤ خود کو ’شناخت، خوف اور آزادی کو دریافت کرنے والی نیو آرٹسٹ‘ قرار دیتی ہیں۔ دونوں اس سے قبل بھی سان فرانسسکو کے بے برج اور ملائیشیا کی دنیا کی دوسری بلند ترین عمارت مردیکا 118 سمیت کئی بلند عمارتوں پر چڑھنے کی وجہ سے شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ ان کی زندگی پر مبنی دستاویزی فلم ’Skywalkers: A Love Story‘ بھی 2024 میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہو چکی ہے۔
نیویارک پولیس کے مطابق دونوں کو بغیر کسی مزاحمت کے حراست میں لیا گیا اور ان پر مختلف الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے یہ نہیں بتایا کہ وہ ممنوعہ حصے تک کیسے پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:حنا آفریدی نے کانٹینٹ کری ایٹر تیمور اکبر سے منگنی کرلی
ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کی انتظامیہ نے واقعے کو غیر مجاز کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمارت میں باقاعدہ اجازت کے ساتھ ایک ہزار ڈالر کا ’ہیپیلی ایور ایمپائر پروپوزل پیکیج‘ بھی دستیاب ہے، جہاں محفوظ انداز میں شادی کی پیشکش کی جا سکتی ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ٹرانسمیشن ٹاور پر بغیر حفاظتی آلات چڑھنا انتہائی خطرناک عمل ہے، کیونکہ وہاں براہِ راست ٹی وی اور ریڈیو نشریات کا برقی نظام موجود ہوتا ہے اور معمولی غلطی بھی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔













