وزارت مذہبی امور نے گزشتہ سال نجی حج اسکیم کے تحت فریضۂ حج ادا کرنے والے حجاج کرام سے متعلقہ منظم (آرگنائزر) اور شیئر ہولڈر کمپنیوں کی کارکردگی پر فیڈ بیک، شکایات، اعتراضات اور تجاویز طلب کر لی ہیں، جبکہ شکایات جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 جولائی 2026 مقرر کی گئی ہے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حجاج کرام اپنے منظم یا شیئر ہولڈر کمپنی کے خلاف دستخط شدہ شکایات، متعلقہ ثبوتوں اور دستاویزی شواہد کے ساتھ 20 جولائی 2026 تک وزارت کو بذریعہ ڈاک یا ای میل ارسال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی شکایات قابلِ سماعت نہیں ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں:وفاقی وزیر مذہبی امور کی اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی سے ملاقات، بین المذاہب ہم آہنگی پر تعاون بڑھانے پر اتفاق
ترجمان کا کہنا تھا کہ موصول ہونے والی تمام شکایات کی جانچ مقررہ طریقۂ کار کے مطابق کی جائے گی، جبکہ نجی حج آپریٹرز اور شیئر ہولڈر کمپنیوں کے لائسنسوں کی تجدید، ری ویلیڈیشن یا منسوخی کا فیصلہ ان کی مجموعی کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت مذہبی امور نے منظم اور شیئر ہولڈر کمپنیوں سے 5 فیصد پرفارمنس گارنٹی بھی حاصل کر رکھی ہے، جس کا مقصد حجاج کرام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور نجی حج آپریٹرز کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے کا پابند بنانا ہے۔
ترجمان کے مطابق حجاج کرام کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات اور تجاویز کو آئندہ لائسنسوں کی تجدید اور کارکردگی کے جائزے کے عمل میں خصوصی اہمیت دی جائے گی تاکہ نجی حج اسکیم کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے اور حجاج کو معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔














