وفاقی وزیر مذہبی امور کی اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی سے ملاقات، بین المذاہب ہم آہنگی پر تعاون بڑھانے پر اتفاق

منگل 30 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے اقوام متحدہ کے اتحاد برائے تہذیبوں (یونیسکو) کے خصوصی ایلچی برائے انسداد اسلاموفوبیا میگوئیل موراتینوس نے ملاقات کی، جس میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحانات، مذہبی عدم برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران مختلف تہذیبوں اور مذاہب کے درمیان مکالمے، باہمی تعاون، سماجی ہم آہنگی اور یکجہتی کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کی مصری ہم منصب سے قاہرہ میں ملاقات

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے اتحاد برائے تہذیبوں کے ساتھ مل کر مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر مسلم شہریوں کے لیے تعلیمی اداروں میں داخلوں، سرکاری ملازمتوں اور منتخب اسمبلیوں میں نمائندگی کا کوٹہ مختص ہے۔ بین المذاہب ہم آہنگی ونگ کے ذریعے غیر مسلم عبادت گاہوں کی مرمت و بحالی اور اقلیتی طلبہ کو تعلیمی وظائف بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

سردار محمد یوسف نے بتایا کہ اقلیتوں کے حقوق اجاگر کرنے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ہر سال 11 اگست کو مینارٹی ڈے منایا جاتا ہے، جبکہ پاکستان میں آباد تمام مذاہب کے سرکردہ رہنماؤں کی مشاورت سے بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی بھی منظور کی جا چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا عالمی برادری سے اسلاموفوبیا کیخلاف مشترکہ اقدامات کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ حکومت کی سرپرستی میں غیر مسلم برادری کے مذہبی تہواروں اور بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنسوں کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین، اسلامی تعلیمات اور قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی مکمل ضمانت دیتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے بھارت میں غیر ہندو اقلیتوں کی حالت زار اور مذہبی آزادی پر عائد پابندیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی میگوئیل موراتینوس نے کہا کہ مذہب اور تہذیب کی بنیاد پر نفرت، انتہا پسندی اور جنگ کے تدارک کے لیے عالمی سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے نیوزی لینڈ کی مسجد پر ہونے والے حملے کو اسلاموفوبیا کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی ہدایت پر ستمبر 2019 سے دنیا بھر میں عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب اسلاموفوبیا کے خلاف کمربستہ: اسلامی و دوست ممالک کو یکجا کرنے کی مہم تیز

میگوئیل موراتینوس نے بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت اس حوالے سے قابل قدر کام کر رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp