چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 5 جولائی 1977 کو پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسی روز عوام کے مینڈیٹ، آئین اور پارلیمانی جمہوریت پر شب خون مارا گیا تھا۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آمریت نے یہ گمان کیا تھا کہ وہ عوام کی آواز کو ہمیشہ کے لیے دبا دے گی، تاہم شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور جمہوریت کے لیے جدوجہد کرنے والے بے شمار کارکنوں کی قربانیوں نے ثابت کر دیا کہ حق، آئین اور عوامی حاکمیت کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی۔
یہ بھی پڑھیں: بینظیر بھٹو شہید کی 73 ویں سالگرہ، صدر مملکت اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا شاندار خراجِ تحسین
انہوں نے کہا کہ 49 برس گزر جانے کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی اپنے اس عزم پر قائم ہے کہ آئین کی بالادستی کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا، ووٹ کے تقدس کو یقینی بنایا جائے گا اور پارلیمانی جمہوریت کے ساتھ ساتھ عوام کے حقِ حکمرانی کا ہر حال میں تحفظ کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو حقیقی خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ نفرت، آمریت اور غیر جمہوری سوچ کے ہر سائے کو مسترد کرتے ہوئے ایک متحد، جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کے سفر کو آگے بڑھایا جائے۔














