فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں ناروے کے ہاتھوں 2-1 کی تکلیف دہ شکست کے بعد برازیل کے سپر اسٹار فارورڈ نیمار نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
34 سالہ نیمار نے میچ کے بعد جذباتی انداز میں مقامی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’میں نے پوری کوشش کی، میں نے ہر ممکن جدوجہد کی، لیکن اب یہ سفر ختم ہو گیا۔ میں نے یہاں سے آغاز کیا تھا اور یہیں اپنے کیریئر کا اختتام کر رہا ہوں۔‘
مزید پڑھیں:میسی کا نیا ورلڈ کپ ریکارڈ، مسلسل 7 میچوں میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے
نیمار کا اشارہ نیویارک کے میٹ لائف اسٹیڈیم کی جانب تھا، جہاں انہوں نے 2010 میں امریکا کے خلاف برازیل کی سینیئر ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ 16 برس بعد اسی میدان میں ناروے کے ہاتھوں ورلڈ کپ سے اخراج کے ساتھ ان کا قومی ٹیم کا سفر بھی اختتام کو پہنچ گیا۔
برازیل ایک بار پھر چھٹے عالمی اعزاز کی امید کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلے میں اترا تھا، تاہم ناروے نے حیران کن کارکردگی دکھاتے ہوئے اسے ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ میچ میں برازیل کا واحد گول نیمار نے انجری ٹائم میں پنالٹی پر کیا، لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
Tributes to Neymar! End of an era. The talent was never in doubt! Good run. History has your name carved in ts annals. 🫡🫡 pic.twitter.com/702O2Vt6f5
— The Maze (@algo_reedim) July 5, 2026
2026 کا ورلڈ کپ طویل انجری مسائل کے بعد نیمار کے لیے عالمی اعزاز جیتنے کا آخری سنہری موقع سمجھا جا رہا تھا، تاہم یہ خواب بھی ادھورا رہ گیا۔
نیمار اپنے پیچھے ایک شاندار مگر بحث طلب بین الاقوامی ورثہ چھوڑ گئے ہیں۔ انہوں نے برازیل کی جانب سے 129 بین الاقوامی میچوں میں 80 گول کیے اور اس طرح قومی ٹیم کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بنے، جبکہ انہوں نے اس فہرست میں لیجنڈری فٹبالر پیلے کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
انہوں نے اپنے کیریئر میں 4 فیفا ورلڈ کپ کھیلے، لیکن عالمی ٹائٹل ان کی پہنچ سے دور رہا۔ 2014 کے ورلڈ کپ میں سیمی فائنل سے قبل انجری کے باعث باہر ہو گئے، 2018 میں برازیل کو بیلجیئم نے کوارٹر فائنل میں شکست دی، 2022 میں کروشیا کے خلاف کوارٹر فائنل میں اضافی وقت میں گول کرنے کے باوجود برازیل پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ہار گیا، جبکہ 2026 میں ناروے نے آخری 16 کے مرحلے میں ہی اس کا سفر ختم کر دیا۔
مزید پڑھیں:ناروے کا بڑا اپ سیٹ، برازیل کو شکست دیکر پہلی بار ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا
اگرچہ نیمار نے 2013 کا فیفا کنفیڈریشنز کپ اور 2016 کے ریو اولمپکس میں برازیل کو تاریخی طلائی تمغہ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا، تاہم ورلڈ کپ ٹرافی نہ جیت پانا ان کے شاندار کیریئر کی سب سے بڑی کمی تصور کیا جائے گا۔
میچ کے بعد نیمار کے الفاظ اس بات کا واضح اشارہ تھے کہ وہ اب قومی ٹیم کی جرسی میں دوبارہ میدان میں نظر نہیں آئیں گے، یوں برازیل کی ورلڈ کپ مہم کے ساتھ ان کے بین الاقوامی فٹبال کی ایک یادگار داستان بھی اختتام پذیر ہو گئی۔














