وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
مزید پڑھیں:وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سینٹر فار گورنمنٹ ڈیٹا اینالیٹکس کا افتتاح کر دیا
کراچی میں انویسٹ پاک پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے پورٹل کا باضابطہ افتتاح کیا اور کہا کہ یہ اقدام ملک میں سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ انویسٹ پاک پورٹل کا بنیادی مقصد غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور سرمایہ کاروں کے لیے جدید اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ان کے بقول اس پورٹل کے ذریعے سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کا عمل مزید آسان اور شفاف بنایا جائے گا۔
وزیرخزانہ محمداورنگزیب نےانویسٹ پاک پورٹل کا افتاح کردیا@KulAalam @AmirSaeedAbbasi pic.twitter.com/gSQrznzRUT
— Media Talk (@mediatalk922) July 6, 2026
محمد اورنگزیب نے گورنر اسٹیٹ بینک کو انویسٹ پاک پورٹل کے آغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انفرادی سطح پر کی جانے والی سرمایہ کاری بھی معیشت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے، جبکہ جاز کیش ایپ کے ذریعے صرف 5 ہزار روپے سے سرمایہ کاری کا آغاز کیا جا سکتا ہے، جس سے عام شہریوں کی مالیاتی منڈیوں تک رسائی مزید آسان ہوگی۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے سرمایہ کاروں، خصوصاً نوجوانوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی ترقی اور پائیدار اقتصادی استحکام کے لیے نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے۔














