گروپ کیپٹن عاصم طارق قتل کیس: ملزم 14 روزہ شناخت پریڈ کے لیے جیل منتقل

پیر 6 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں لڑکی کو بچاتے ہوئے شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، جہاں انسداد دہشتگردی عدالت نے مرکزی ملزم سعد عباسی کو 14 روزہ شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیجنے کا حکم جاری کر دیا۔

مقدمے کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔ اس موقع پر پراسیکیوٹر راجا نوید، تفتیشی افسر اور دیگر متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ پولیس نے ملزم سعد عباسی کو سخت سیکیورٹی حصار میں عدالت کے روبرو پیش کیا۔

مزید پڑھیں: گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت، وزیراعظم کا شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کو سخت سزا دینے کا حکم

عدالت نے ملزم کو شناخت پریڈ کے لیے جیل منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو شناخت پریڈ مکمل ہونے کے بعد رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا۔ ساتھ ہی ملزم کو 20 جولائی کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کی شناخت پریڈ کرانا ضروری ہے، جبکہ پراسیکیوٹر راجا نوید نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے میں 2 چشم دید گواہ بھی موجود ہیں۔

اس موقع پر جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ملزم سے استفسار کیاکہ اس نے یہ اقدام کیوں کیا؟ جس پر سعد عباسی نے جواب دیا کہ وہ ایک لڑکی کے ساتھ موجود تھا اور مقتول انہیں پریشان کررہے تھے۔ اس پر جج نے ریمارکس دیے، ’ڈسٹرب کیا، کیا اچھا کام کر رہے تھے، جو ڈسٹرب کیا؟‘

پولیس کے مطابق گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق کے قتل کا مقدمہ کمانڈنٹ ایئر ہیڈکوارٹر کی مدعیت میں تھانہ مارگلہ میں درج کیا گیا ہے، جس میں قتل اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کی سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم ایک خاتون کو ہراساں کر رہا تھا، جس پر گروپ کیپٹن عاصم طارق نے مداخلت کرتے ہوئے اسے اس غیر قانونی عمل سے روکا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے پہلے افسر کو دھمکیاں دیں، پھر موٹر سائیکل پر موقع سے فرار ہوگیا، تاہم کچھ دیر بعد یوٹرن لے کر واپس آیا اور گروپ کیپٹن کی گاڑی کے قریب پہنچ کر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر شہید ہوگئے۔

مزید پڑھیں: خاتون کو بچاتے ہوئے گولی لگنے سے شہید ہونے والے گروپ کیپٹن عاصم کا قاتل گرفتار کرلیا گیا

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش جاری ہے اور شناخت پریڈ مکمل ہونے کے بعد تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جائےگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp