بھارت کے شہر ناظم آباد میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں خاتون نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو قتل کرنے کے لیے ٹوائلٹ کلینر سے بھرا انجکشن استعمال کیا۔ پولیس کے مطابق واردات کے پیچھے مبینہ طور پر خاتون کے غیر ازدواجی تعلقات اور ایک منصوبہ بند سازش کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو ٹوائلٹ کلینر سے بھرا انجکشن لگا کر قتل کر دیا، جبکہ واقعے میں خاتون کے مبینہ ساتھی سمیت 3 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یکم جولائی کو مقتول کی والدہ نے شکایت درج کرائی، جس میں بتایا گیا کہ انہیں 30 جون کو معلوم ہوا کہ ان کا 35 سالہ بیٹا پرشانت، جو ایک خلیجی ملک میں ملازمت کرتا تھا، پراسرار حالات میں انتقال کر گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے شادی کے چند ماہ بعد نئی نویلی دلہن قتل، شوہر اور گرل فرینڈ کی خوفناک سازش بے نقاب
مقتول کی والدہ نے پولیس کو بتایا کہ انہیں نہ تو بیٹے کے بھارت واپس آنے کی اطلاع تھی اور نہ ہی اس کی موت کے بارے میں بروقت آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے اپنی بہو سندھیا پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران تکنیکی شواہد سے مبینہ طور پر انکشاف ہوا کہ 32 سالہ سندھیا کے 35 سالہ انیل نامی شخص کے ساتھ تعلقات تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سندھیا اور انیل نے مبینہ طور پر پرشانت کو راستے سے ہٹانے کے لیے منصوبہ تیار کیا، جس میں وینکٹا سائی نامی شخص کو بھی شامل کیا گیا۔
تفتیشی حکام کے مطابق منصوبے کے تحت سائی 29 جون کو نشے کی حالت میں پرشانت کے گھر پہنچا، جہاں مبینہ طور پر سندھیا اور انیل اسے فون پر ہدایات دیتے رہے۔ پولیس کے مطابق پہلے پرشانت کو ٹیرس سے نیچے دھکا دیا گیا، جس کے نتیجے میں پرشانت کو انتہائی شدید زخمی ہوا، سائی نے پرشانت کو گھر کے صحن میں گھسیٹا، جس سے اسے شدید چوٹیں آئیں، تاہم وہ اس وقت تک زندہ تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بعد ازاں سندھیا اور سائی زخمی پرشانت کو سرکاری اسپتال لے کر گئے، جہاں سے معائنے کے بعد اسے نجی اسپتال لے جایا گیا اور پھر گھر واپس لایا گیا۔
یہ بھی پڑھیے سابق بوائے فرینڈ کا انتقام، 30 سالہ خاتون کو چاقو کے وار سے قتل کردیا، سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر
تحقیقات کے مطابق گھر واپس آنے کے بعد مبینہ طور پر پرشانت کے پہلے سے لگے کینولا کے ذریعے کچھ ادویات اور ٹوائلٹ کلینر سے بھرا انجکشن لگا کر اسے ہلاک کیا گیا۔ یہ کام خود سندھیا نے سرانجام دیا۔
پولیس نے بتایا کہ دورانِ تفتیش ملزمان نے مبینہ طور پر جرم کا اعتراف کر لیا، جس کے بعد انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے تینوں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔














