بھارت کی ریاست ہریانہ کے شہر گروگرام (منیسر) میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر گرل فرینڈ کے ساتھ مل کر اپنی 22 سالہ نئی نویلی بیوی کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق قتل کی منصوبہ بندی پہلے سے کی گئی تھی اور واردات کے بعد دونوں ملزمان نیپال فرار ہو گئے تاہم وطن واپسی پر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ویڈیو کال کے دوران ہوٹل میں 26 سالہ خاتون کی موت، اہلِ خانہ نے قتل کا شبہ ظاہر کر دیا
پولیس کے مطابق مقتولہ کی شادی رواں سال فروری میں 25 سالہ انکت سے ہوئی تھی۔ 22 مئی کو مقتولہ کی والدہ نے منیسر پولیس اسٹیشن میں اپنی بیٹی کے لاپتا ہونے کی رپورٹ درج کرائی۔ اہلِ خانہ کا کہنا تھا کہ 21 مئی سے ان کا بیٹی سے رابطہ منقطع تھا اور سسرال والوں کی جانب سے بھی کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا جا رہا تھا جس پر انہیں شبہ ہوا اور پولیس سے رجوع کیا گیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تو اگلے ہی روز منیسر کے ایک کرائے کے کمرے سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم اور تفتیش سے معلوم ہوا کہ خاتون کو گولی مار کر قتل کیا گیا تھا جس کے بعد مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کر دی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل آباد: مدرسے سے لاپتا 14 سالہ طالبعلم قتل، لاش نالے سے برآمد
تحقیقات کے دوران پولیس نے مقتولہ کے شوہر انکت اور اس کی مبینہ گرل فرینڈ 38 سالہ رجنی دیوی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق انکت منیسر میں تمباکو کی دکان چلاتا تھا جبکہ رجنی ایک مقامی بیوٹی پارلر میں ملازم تھی۔ دونوں گزشتہ تقریباً تین برس سے تعلق میں تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے رجنی کے کرائے کے مکان میں قتل کی منصوبہ بندی کی۔ الزام ہے کہ واردات کے روز انکت اپنی بیوی کو وہاں لے گیا جہاں دونوں نے اسے گولی مار کر قتل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان دیکھنے کی چاہ میں آئے سیاح کے قتل کا مقدمہ درج، دہشتگردی سمیت متعدد دفعات شامل
تفتیش میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ تقریباً دو ماہ قبل ریاست اتر پردیش سے خریدا گیا تھا۔ پولیس کا شبہ ہے کہ یہ ہتھیار اسی واردات کی غرض سے حاصل کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق قتل کے بعد دونوں ملزمان پہلے ہری دوار گئے اور بعد ازاں نیپال فرار ہو گئے جہاں وہ 30 جون تک مقیم رہے۔ بھارت واپس آنے پر کرائم برانچ نے انہیں منیسر سے گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس نے اندھا قتل ٹریس کرلیا، خاتون کے قتل میں سگا باپ، سابق شوہر اور سسر گرفتار
دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرنے اور مزید شواہد اکٹھے کرنے کے لیے تفتیش جاری ہے جبکہ کیس کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔














