ایچ نائن بازار میں آتشزدگی کے واقعے پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ جاری کر دی، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ آگ ابتدائی طور پر اسٹال نمبر C-432 اور C-433 میں لگی، جبکہ واقعے کی حتمی وجہ کا تعین فرانزک رپورٹ آنے کے بعد کیا جا سکے گا۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد: اتوار بازار میں آتشزدگی، وفاقی وزیر داخلہ نے تحقیقات کا حکم دیدیا
رپورٹ کے مطابق کمیٹی نے سیکیورٹی عملے اور متعدد دکانداروں کے بیانات قلم بند کیے۔ آگ رات 9 بج کر 45 منٹ پر بھڑکی، جسے ابتدائی طور پر چوکیداروں اور موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت بجھانے کی کوشش کی، تاہم ریسکیو اداروں کو فوری اطلاع نہیں دی گئی۔ فائر بریگیڈ کو 9 بج کر 51 منٹ پر کال کی گئی، جبکہ پہلی فائر بریگیڈ گاڑی 10 بج کر 2 منٹ پر بازار پہنچی۔ اس دوران اسسٹنٹ کمشنر آئی نائن 9 بج کر 57 منٹ پر موقع پر پہنچ گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ امدادی کارروائیوں میں کیپیٹل ایمرجنسی سروسز، ریسکیو 1122 راولپنڈی، جناح کنونشن سینٹر کے فائر ٹینڈرز اور نیول ہیڈ کوارٹرز کے واٹر باؤزرز نے حصہ لیا، جبکہ رات 1 بج کر 20 منٹ پر آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا۔
ایچ نائن بازار میں آگ بھڑک اٹھی
فائیر برگیڈ کا عملہ آگ پر قابو پانے میں مصروف
آگ بجھانے کے لئے راولپنڈی سے ریسکیو کی اضافی گاڑیاں طلب
اے سی آئی نائن موقع پر موجود pic.twitter.com/n54pxxGgrn
— Media Talk (@mediatalk922) June 23, 2026
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق متعدد وینڈرز اپنے اسٹالز کو گودام کے طور پر استعمال کر رہے تھے اور ان میں اضافی سامان رکھا گیا تھا۔ مزید یہ کہ بعض اسٹالز آگے کرائے پر دیے گئے تھے، جس کے باعث فائر سیفٹی معیارات پر عمل درآمد متاثر ہوا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بازار کے گارڈز کو 3 سال قبل اور پھر 2025 میں 2 مرتبہ فائر سیفٹی کی تربیت دی گئی تھی، تاہم آگ لگنے کے وقت ڈیوٹی پر موجود فائر ٹینڈر اپنی مقررہ جگہ پر موجود نہیں تھا۔ ریسکیو حکام کے مطابق وہ پانی بھرنے کے لیے گیا ہوا تھا۔
کمیٹی نے نشاندہی کی کہ بازار میں اچانک لگنے والی آگ سے نمٹنے کے لیے دستیاب سہولیات ناکافی تھیں، جبکہ واقعے کی اصل وجہ فرانزک ٹیم کی رپورٹ کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کمیٹی نے متعدد سفارشات پیش کی ہیں، جن میں رات کے وقت اسٹالز میں سامان رکھنے پر مکمل پابندی، وینڈرز کو صرف بازار کے اوقات کار میں سامان رکھنے کا پابند بنانا، بازار کا جامع فائر سیفٹی آڈٹ کرانا، آتش گیر ترپال کے استعمال پر پابندی، اسٹالز کی سب لیٹنگ ختم کرنا اور خلاف ورزی پر الاٹمنٹ منسوخ کرنا شامل ہے۔ رپورٹ میں ایمرجنسی سروسز کے آپریشنل نظام کو مزید مؤثر بنانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔














