فیفا ورلڈ کپ 2026 کی ٹائٹل ریس اب صرف 4 ٹیموں تک محدود رہ گئی ہے۔ کوارٹر فائنلز مکمل ہونے کے بعد فرانس، اسپین، دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اور انگلینڈ نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
سیمی فائنلز سے قبل 3 روز کا وقفہ رکھا گیا ہے، جس میں چاروں ٹیمیں اہم مقابلوں کے لیے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیں گی۔
مزید پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں نیا حیران کن منفرد ریکارڈ کیا ہے؟
فٹبال شائقین کی سب سے زیادہ توجہ اس بات پر ہے کہ ارجنٹینا اپنا اعزاز برقرار رکھنے میں کامیاب ہوتا ہے یا کسی دوسری ٹیم کے ہاتھوں نئی تاریخ رقم ہوتی ہے۔
فرانس اور اسپین پہلے سیمی فائنل میں آمنے سامنے
پہلا سیمی فائنل فرانس اور اسپین کے درمیان کھیلا جائے گا۔ فرانس 3 مرتبہ عالمی چیمپیئن بن چکا ہے، جبکہ اسپین نے 2010 میں ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
یہ اہم مقابلہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آرلنگٹن میں قائم ڈیلاس اسٹیڈیم میں ہوگا۔
میچ امریکی وقت کے مطابق منگل 14 جولائی کو دوپہر 2 بجے شروع ہوگا، جبکہ پاکستان میں اسے بدھ 15 جولائی کی رات 12 بجے دیکھا جاسکے گا۔
ارجنٹینا کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا
دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپیئن ارجنٹینا اور 1966 کی عالمی چیمپیئن انگلینڈ مدِمقابل ہوں گے۔
یہ میچ امریکی شہر اٹلانٹا میں کھیلا جائے گا اور امریکی وقت کے مطابق بدھ 15 جولائی کو سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا۔ پاکستانی وقت کے مطابق مقابلہ جمعرات 16 جولائی کی رات 12 بجے ہوگا۔
دونوں سیمی فائنلز جیتنے والی ٹیمیں امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر ایسٹ ردرفورڈ میں ہونے والے فیصلہ کن مقابلے میں ٹرافی کے لیے میدان میں اتریں گی۔
ورلڈ کپ فائنل امریکی وقت کے مطابق اتوار 19 جولائی کو سہ پہر 3 بجے کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کی پچ کے ٹکڑے فروخت کرے گا، لاکھوں ڈالر آمدن کی توقع
فائنل سے ایک روز قبل تیسری پوزیشن کا میچ میامی میں ہوگا، جس میں دونوں سیمی فائنلز میں شکست کھانے والی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ مقابلہ امریکی وقت کے مطابق ہفتہ 18 جولائی کی شام 5 بجے شروع ہوگا، جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق اتوار 19 جولائی کی رات 2 بجے کھیلا جائے گا۔
اب پوری دنیا کی نظریں ان 4 مضبوط ٹیموں پر مرکوز ہیں۔ آئندہ چند روز میں فیصلہ ہوجائے گا کہ ارجنٹینا ورلڈ کپ ٹرافی کا کامیاب دفاع کرتا ہے یا فرانس، اسپین اور انگلینڈ میں سے کوئی ٹیم عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرتی ہے۔












