فیفا نے 2026 ورلڈ کپ کے فائنل کے بعد اسٹیڈیم کی اصل گھاس کے ٹکڑوں کو یادگاری اشیا کے طور پر فروخت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان ٹکڑوں کی قیمت 450 سے 3 ہزار ڈالر تک رکھی گئی ہے، جبکہ اس منصوبے سے فیفا کو ایک کروڑ ڈالر سے زائد آمدن ہونے کی توقع ہے۔
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے 2026 فیفا ورلڈ کپ کے فائنل کے بعد بھی آمدن حاصل کرنے کے لیے منفرد منصوبہ متعارف کرا دیا ہے۔ تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ فائنل میچ میں استعمال ہونے والی پچ کی اصل گھاس کے ٹکڑوں کو یادگاری اشیا (میمورابیلیا) کے طور پر فروخت کیا جائے گا۔
FIFA is now selling 2.5 inch cubes of the World Cup final pitch for $450 and up, but if you want a 3 inch cube of it, it’ll cost you $3,000. pic.twitter.com/ghbrkX1KUZ
— Brooks Peck (@BrooksDT) July 10, 2026
فیفا کے مطابق شائقین 450، 900، 1200 اور 3 ہزار امریکی ڈالر تک کی مختلف قیمتوں میں پچ کے محفوظ کیے گئے ٹکڑے خرید سکیں گے۔ ہر ٹکڑے کو خصوصی ایکرائلک کیس میں محفوظ کیا جائے گا، جس میں اس کی اصلیت کا تصدیقی سرٹیفکیٹ بھی شامل ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فیفا کو اس فروخت سے ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر سے زائد آمدن ہونے کی توقع ہے۔ ہر قیمت کے درجے میں زیادہ سے زیادہ 2 ہزار 26 ٹکڑے فروخت کیے جائیں گے، جو 2026 ورلڈ کپ کی مناسبت سے مخصوص تعداد رکھی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ میں افریقی ٹیموں کی عمدہ کارکردگی، زیادہ نمائندگی دینے کا فیصلہ درست ثابت
فیفا کا کہنا ہے کہ یہ یادگاری اشیا خصوصی طور پر ان شائقین اور کلیکٹرز کے لیے تیار کی گئی ہیں جو ورلڈ کپ فائنل کی تاریخی یاد کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں۔ مہنگے ترین پیکیج میں پچ کے ٹکڑے کے ساتھ سونے کی نقاشی والا یادگاری ٹکٹ، ورلڈ کپ کی منی گیند اور کرسٹل سے تیار کردہ ورلڈ کپ ٹرافی کی نقل بھی شامل ہوگی۔
ورلڈ کپ 2026 کا فائنل امریکا کے نیو جرسی-نیو یارک اسٹیڈیم (سابقہ میٹ لائف اسٹیڈیم) میں کھیلا جائے گا۔ اس اسٹیڈیم کی پچ کے حوالے سے کھلاڑیوں اور کوچز کی جانب سے پہلے بھی تحفظات سامنے آ چکے ہیں، کیونکہ یہاں امریکی فٹبال کے مقابلوں کے لیے عام طور پر مصنوعی گھاس استعمال کی جاتی ہے، تاہم ورلڈ کپ کے لیے قدرتی گھاس بچھائی گئی ہے۔
🚨JUST IN: FIFA is going to sell pieces of the MetLife stadium pitch where the World Cup final will be played
The pieces are expected to bring in more than $11 million in revenue pic.twitter.com/g3851ZdG1b
— Polymarket Sports (@PolymarketSport) July 10, 2026
رپورٹس کے مطابق فائنل میں استعمال ہونے والی گھاس امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا کے ایک خصوصی فارم میں تیار کی گئی ہے، جبکہ ورلڈ کپ کے تمام میزبان اسٹیڈیموں میں مقابلوں کے لیے نئی قدرتی پچ نصب کی گئی ہے۔
فیفا نے واضح کیا ہے کہ پچ کے یہ یادگاری ٹکڑے فائنل میچ کے بعد ہی خریداروں کو بھیجے جائیں گے اور ابتدائی مرحلے میں ان کی ترسیل صرف امریکا اور یورپ کے پتوں تک محدود ہوگی۔













