بھارت کی ریاست اوڈیشہ میں گھریلو تنازع ایک افسوسناک سانحے میں تبدیل ہوگیا، جہاں بیوی کی جانب سے غصے میں پھینکا گیا موبائل فون شوہر کی جان لے گیا۔ سر پر شدید چوٹ لگنے کے باعث زخمی ہونے والا شخص ابتدائی علاج کے بعد گھر تو واپس آگیا، تاہم طبیعت دوبارہ بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اوڈیشہ کے ضلع بولانگیر میں پیش آیا، جہاں میاں بیوی کے درمیان کسی گھریلو معاملے پر تلخ کلامی ہوگئی۔ بحث شدت اختیار کرنے پر خاتون نے غصے میں اپنا موبائل فون شوہر کے سر پر دے مارا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیے ثبوت نہ کوئی گواہ، پولیس نے شوہر کے قتل میں ملوث بیوی اور اس کے خاندان کو کیسے بے نقاب کیا؟
اہل خانہ زخمی شخص کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال بولانگیر لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد اور معائنے کے بعد اس کی حالت بہتر قرار دیتے ہوئے اسے گھر جانے کی اجازت دے دی۔
رپورٹس کے مطابق گھر پہنچنے کے کچھ ہی دیر بعد اس کی طبیعت اچانک دوبارہ خراب ہوگئی۔ اہل خانہ اسے فوری طور پر دوبارہ اسپتال لے گئے، تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
یہ بھی پڑھیے بیوی نے مبینہ طور پر شوہر کو ٹوائلٹ کلینر کا انجکشن لگا کر قتل کر دیا
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی اور مقدمے کی تفتیش شروع کر دی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی واضح ہوگی، جس کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس واقعے نے ایک بار پھر گھریلو جھگڑوں کے دوران غصے پر قابو رکھنے کی اہمیت اجاگر کر دی ہے۔ ماہرین کے مطابق معمولی تنازعات بھی اگر شدت اختیار کر جائیں تو ان کے نتائج بعض اوقات انتہائی افسوسناک ثابت ہو سکتے ہیں۔














