آئرلینڈ اور انگلینڈ سے شکست: بھارتی ٹی 20 ٹیم کی مسلسل ناکامیوں کی اصل وجہ کیا ہے؟

پیر 13 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کے چند ہی ماہ بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کو مسلسل ناکامیوں کا سامنا ہے جس پر یہ سوال شدت سے اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا بھارت نے تجربہ کار کھلاڑیوں کو بہت جلد ٹیم سے الگ کر کے نئی نسل پر ضرورت سے زیادہ انحصار کر لیا ہے؟

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ اور آئرلینڈ سے شرمناک شکست، سابق کھلاڑیوں نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو آڑے ہاتھوں لے لیا

ورلڈ کپ فتح کے بعد بھارت نے ٹی 20 کرکٹ میں نئے دور کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا تاہم آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف مسلسل سیریز میں شکستوں نے اس حکمت عملی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ ناقدین کے مطابق نوجوان ٹیم میں استحکام، قیادت اور بڑے مقابلوں کا تجربہ رکھنے والے میچ ونرز کی کمی واضح طور پر محسوس کی گئی۔

بھارت کو پہلے آئرلینڈ کے ہاتھوں 2-0 سے سیریز میں شکست ہوئی جسے ابتدائی انتباہ قرار دیا گیا لیکن اس کے بعد انگلینڈ نے 4 میچوں کی سیریز میں بھارت کو 4-0 سے وائٹ واش کر کے صورتحال مزید سنگین بنا دی۔

اس ناکامی کے ساتھ ہی بھارت 1,600 دن سے زائد عرصے بعد آئی سی سی کی مردوں کی ٹی 20 رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن بھی گنوا بیٹھا۔

سینیئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی موضوع بحث

بھارت کے تجربہ کار بلے باز روہت شرما اور ویرات کوہلی اب ٹی 20 فارمیٹ کا حصہ نہیں رہے جبکہ فاسٹ بولر جسپریت بمراہ اور آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا ورک لوڈ اور انجری مینجمنٹ کے باعث انگلینڈ کے خلاف سیریز نہیں کھیل سکے۔

مزید پڑھیے: ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کردیا

تاہم سب سے زیادہ بحث سوریا کمار یادو اور سنجو سیمسن کو ٹیم سے باہر رکھنے پر ہو رہی ہے۔

سوریا کمار یادو نے بھارت کی ورلڈ کپ جیتنے والی مہم میں ٹیم کی قیادت کی تھی لیکن انہیں انگلینڈ کے دورے کے لیے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ حالیہ عرصے میں محدود اوورز کی کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے سنجو سیمسن کو دورے کے آغاز میں خراب فارم کے بعد ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا۔

نوجوان بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار

ان سینیئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں بھارتی بیٹنگ کا زیادہ تر بوجھ نوجوان کھلاڑیوں پر آ گیا۔

نوجوان اوپنر ویبھوو سوریہ ونشی جنہوں نے فرنچائز کرکٹ میں اپنی کارکردگی سے خاصی شہرت حاصل کی بین الاقوامی سطح پر توقعات پر پورا نہ اتر سکے۔

مزید پڑھیں: آخری ٹی20: انگلینڈ نے بھارت کو شکست دے کر سیریز 0-4 سے اپنے نام کرلی

انہوں نے 3 میچوں میں بالترتیب 14، 13 اور 15 رنز بنائے جس سے یہ ظاہر ہوا کہ ڈومیسٹک اور لیگ کرکٹ سے براہ راست بین الاقوامی کرکٹ میں کامیاب منتقلی آسان نہیں ہوتی۔

انگلینڈ میں بدترین بیٹنگ

انگلینڈ کے خلاف بھارتی بیٹنگ بری طرح ناکام رہی۔

ناٹنگھم میں پوری بھارتی ٹیم صرف 76 رنز پر آؤٹ ہو گئی جو ٹی 20 انٹرنیشنل میں رنز کے اعتبار سے اس کی بدترین شکست ثابت ہوئی جہاں انگلینڈ نے 125 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

برسٹل میں انگلینڈ نے 159 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر اور 6 اوورز سے زیادہ پہلے ہی حاصل کر لیا جبکہ ساؤتھمپٹن میں جوس بٹلر اور ہیری بروک کی شاندار بیٹنگ کی بدولت میزبان ٹیم نے سیریز میں مکمل وائٹ واش کر دیا۔

بولنگ بھی دباؤ برداشت نہ کر سکی

بمراہ اور پانڈیا کی عدم موجودگی میں بھارتی بولنگ اٹیک بھی بے اثر دکھائی دیا۔

نوجوان بولرز انگلینڈ کی جارحانہ بیٹنگ کے سامنے دباؤ کا شکار رہے جبکہ ہیری بروک، جوس بٹلر اور فل سالٹ نے بھارتی بولرز کے تجربے کی کمی کو بھرپور انداز میں بے نقاب کیا۔

شریاس آئر اور گوتم گمبھیر بھی تنقید کی زد میں

دورے کے دوران کپتان شریاس آئر کی قیادت بھی سوالوں کی زد میں رہی کیونکہ بھارت ان کی قیادت میں ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔

ادھر ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے جو مسلسل اس مرحلے کو بھارتی ٹیم کے لیے ’ری سیٹ‘ قرار دیتے رہے ہیں۔

کیا تبدیلی بہت تیزی سے کی گئی؟

کرکٹ مبصرین کے مطابق نوجوان کھلاڑیوں پر اعتماد کرنا غلط فیصلہ نہیں تھا لیکن ایک ہی وقت میں کئی تجربہ کار کھلاڑیوں کو ٹیم سے الگ کرنا شاید جلد بازی ثابت ہوا۔

ان کے مطابق کامیاب ٹیموں میں نسلوں کی منتقلی بتدریج کی جاتی ہے تاکہ نوجوان کھلاڑی سینیئرز کی موجودگی میں اعتماد اور تجربہ حاصل کر سکیں۔

بی سی سی آئی کارکردگی کا جائزہ لے گی

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) نے تصدیق کی ہے کہ انگلینڈ کے دورے کے بعد ٹیم کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے: ’بھارتی ٹیم صرف اپنے گھر میں ہی شیر ہے‘ آئرلینڈ کے بعد انگلینڈ سے بھی مسلسل شکست پر صارفین کے تبصرے

کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ اس جائزے میں ایک اہم سوال ضرور زیر غور آئے گا کہ آیا بھارت نے اپنی مستقبل کی ٹیم کو بین الاقوامی میدان میں اس وقت اتار دیا جب وہ ابھی مکمل طور پر تیار نہیں تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی دوبارہ ناکہ بندی کا اعلان کردیا

زبانوں کا فوری ترجمہ کرنے والا منفرد آلہ، طالبہ نے کم قیمت ڈیوائس تیار کر لی

مصنوعی ذہانت کے معاشی اثرات سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر، عالمی ماہرین کا انتباہ

اسلام آباد اور بلوچستان ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججوں کی تعیناتی، امیدواروں کے انٹرویوز مکمل

سراج رئیسانی کی قربانی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے، دہشتگرد امن و استحکام کا راستہ نہیں روک سکتے : سرفراز بگٹی

ویڈیو

وفاقی کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ، کون سے نئے چہرے شامل ہونے جا رہے ہیں؟

سولر پینلز کی قیمتوں میں کمی، کیا صارفین کو واقعی ریلیف ملا ؟

آزاد کشمیر میں ن لیگ حکومت بنانے جارہی ہے، وزیراعظم کا فیصلہ نواز شریف کریں گے، محمد حنیف ملک

کالم / تجزیہ

برداشت کی بھی حد ہوتی ہے

میسی کے گول سے 45 برس بعد کھلنے والا سفارتخانہ

اونٹ کے جسم پر گل کاری کا آرٹ