حکومت اور تاجر تنظیموں کے قائدین نے اتفاق کیا ہے کہ آسان ٹیکس اسکیم کے تحت ایف بی آر کے افسران اور تاجر نمائندے چاروں صوبوں میں بازاروں کا مشترکہ دورہ کرکے دکانداروں کو رجسٹریشن کی سہولت فراہم کریں گے اور انہیں سکیم کا حصہ بنائیں گے۔
یہ فیصلہ وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت آسان ٹیکس سکیم کے جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں تاجر تنظیموں کے قائدین اجمل بلوچ اور کاشف چوہدری، ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز زبیر بلال، ایف بی آر کے اعلیٰ حکام، چیف کمشنرز، آر ٹی او اسلام آباد اور راولپنڈی کے حکام شریک ہوئے، جبکہ ملک بھر کے ریجنل ٹیکس دفاتر (آر ٹی اوز) اور کارپوریٹ ٹیکس دفاتر (سی ٹی اوز) نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں آسان ٹیکس اسکیم کے حوالے سے آر ٹی اوز اور سی ٹی اوز کی اب تک کی کارکردگی اور اسکیم پر عملدرآمد میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ تاجروں کی جانب سے اسکیم پر اب تک دیے گئے فیڈ بیک پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تاجر نمائندے اور ایف بی آر افسران اپنے اپنے متعلقہ علاقوں کے بازاروں میں دکانداروں کو رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کریں گے۔
ایف بی آر کے ریجنل ٹیکس اور کارپوریٹ ٹیکس دفاتر کے افسران آئندہ دنوں میں تاجر نمائندوں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں پہلے سے طے شدہ اوقات کے مطابق بازاروں کا دورہ کریں گے اور آسان ٹیکس اسکیم کے تحت دکانداروں کی رجسٹریشن میں سہولت فراہم کریں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہفتے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی صدارت میں آسان ٹیکس اسکیم کے حوالے سے دوبارہ اجلاس ہوگا، جس میں اسکیم پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سرپرستی میں حکومت نے تاجروں کے مطالبے پر آسان ٹیکس اسکیم جاری کی اور اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے اس پر مؤثر عملدرآمد کا آغاز کردیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج آسان ٹیکس اسکیم کے تحت اسلام آباد میں پہلی پلیٹ لگائی گئی ہے، جس سے حکومت نے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے۔
بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ کل ملک بھر میں آسان ٹیکس اسکیم کا حصہ بننے والے دکانداروں کی دکانوں پر پلیٹیں لگائی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آسان ٹیکس اسکیم ٹیکس نیٹ بڑھانے اور تاجروں کی زندگی میں سہولت پیدا کرنے کا باعث بنے گی۔
وزیر مملکت نے کہاکہ آسان ٹیکس اسکیم پر پیشرفت کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا اور اس تاریخی سکیم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائےگی۔













