ریاست مخالف بیانیہ چلانے پر کارروائی، بلوچستان کے 95 یونیورسٹی اساتذہ سمیت 100 سرکاری ملازمین برطرف

منگل 15 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان میں ریاست مخالف بیانیہ چلانے کے الزام میں 95 یونیورسٹی اساتذہ سمیت 100 سرکاری ملازمین کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کے معاون بابر یوسفزئی کے مطابق برطرف کیے گئے ملازمین پاکستان مخالف بیانیے کو فروغ دے رہے تھے اور انہوں نے سرکاری حلف کی بھی خلاف ورزی کی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سرگرم دہشتگرد تنظیموں کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا ہاتھ ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

معاون محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا کہ ریاست کے خلاف بیانیے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سرکاری مراعات لینے کے باوجود پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والوں کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 2 مزید یونیورسٹی اساتذہ کے خلاف کیسز زیر التوا ہیں، جبکہ محکمہ صحت کے 3 ملازمین سمیت مزید 5 سرکاری ملازمین کو بھی ریاست مخالف بیانیہ چلانے پر برطرف کیا گیا ہے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مسائل کا حل تشدد نہیں بلکہ قلم، تعلیم، جمہوری جدوجہد اور ترقی ہے۔ حکومت نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا، تاہم بندوق اٹھانے والوں کے ساتھ مذاکرات کسی صورت نہیں ہوں گے۔

میر ضیا اللہ لانگو کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بحث سے نکل کر بلوچستان اور پاکستان کے امن، ترقی اور عوام کے بہتر مستقبل پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ نوجوان قلم کو اپنا ہتھیار بنائیں، تعلیم حاصل کریں اور پارلیمانی و جمہوری جدوجہد کے ذریعے ملک و قوم کی تقدیر بدلنے میں کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں: بی وائی سی کا نوجوانوں کو ورغلانے کے لیے پروپیگنڈا، ریاست مخالف بیانیہ بنایا جانے لگا

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دروازے ان لوگوں کے لیے کھلے ہیں جو آئین اور ریاستی نظام کو تسلیم کرتے ہیں، تاہم دہشتگردی اور تشدد کے ذریعے اپنی بات منوانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

تجزیہ نگاروں کا موقف ہے کہ بلوچستان میں ریاست مخالف بیانیے کے خلاف سرکاری ملازمین کی برطرفی کا یہ اقدام ایک جانب حکومت کی جانب سے ریاستی اداروں کے ساتھ وفاداری اور سرکاری حلف کی پاسداری پر سخت مؤقف کی نشاندہی کرتا ہے، تو دوسری جانب یہ اس بات کی بھی غمازی کرتا ہے کہ ریاست نے شدت پسندوں اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp