وزارتِ مذہبی امور نے بتایا ہے کہ حج 2027 سے 2030 تک کے لیے گھر بیٹھے آن لائن حج رجسٹریشن کا عمل کامیابی سے جاری ہے، جبکہ اب تک 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد اپنی رجسٹریشن مکمل کرچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حج 2027 رجسٹریشن کو زبردست عوامی پذیرائی، 2 روز میں 51 ہزار سے زائد درخواستیں موصول
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ حج پورٹل کے ذریعے 2 لاکھ 83 ہزار سے زائد عازمین نے رجسٹریشن کرائی، جبکہ موبائل ایپ ’پاک حج‘ کے ذریعے مزید 43 ہزار افراد نے اندراج مکمل کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق 2 لاکھ 35 ہزار افراد نے سرکاری حج سکیم کا انتخاب کیا، جبکہ 90 ہزار افراد نے نجی حج سکیم میں رجسٹریشن کرائی ہے۔ رجسٹرڈ عازمین میں ایک لاکھ 91 ہزار مرد اور ایک لاکھ 34 ہزار خواتین شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حج 2027 کی آن لائن رجسٹریشن کا آغاز، پہلے 24 گھنٹوں میں 20 ہزار سے زائد درخواستیں موصول
ترجمان نے بتایا کہ آن لائن حج رجسٹریشن کا عمل اگلے اعلان تک جاری رہے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ نے حج واجبات کی آن لائن وصولی کا نظام بھی تیار کرلیا ہے، جبکہ حج پیکیجز کی تفصیلات اور رقوم جمع کرانے کا طریقہ کار جلد جاری کیا جائے گا۔












