پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق نئے طریقہ کار کے تحت ہر کھلاڑی کی پانچ اہم شعبوں میں جانچ کی جائے گی، جن میں حکمت عملی کی سمجھ، تکنیکی صلاحیت، جسمانی کارکردگی، ذہنی مضبوطی اور رویہ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ہاکی فیڈریشن کا خواتین ہاکی کو دوبارہ فعال بنانے کا منصوبہ، نئی کھلاڑیوں کو عالمی میدان میں موقع مل گیا
فیڈریشن نے بتایا کہ کوچنگ اسٹاف تربیتی سیشنز اور ٹرائلز کے دوران ہر شعبے میں کھلاڑی کو ایک سے پانچ تک نمبر دے گا۔ ورلڈ کپ تربیتی کیمپ میں جگہ بنانے کے لیے کھلاڑی کو 5 میں سے کم از کم 3 شعبوں میں 3 یا اس سے زائد نمبر حاصل کرنا ہوں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق یہ معیار بین الاقوامی کوچنگ اسٹاف نے کھلاڑیوں کی طویل نگرانی اور کارکردگی کے جائزے کے بعد تیار کیا ہے، جبکہ دنیا میں ہاکی کے جدید طریقہ کار کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔
فیڈریشن نے انتخابی عمل کو مزید شفاف بنانے کے لیے ڈیجیٹل شواہد شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں کھلاڑیوں کی جسمانی کارکردگی کا ڈیٹا اور ویڈیو تجزیہ شامل ہوگا، تاکہ سلیکٹرز کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کرسکیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ہاکی فیڈریشن کا بڑا فیصلہ، قومی ٹیم کے لیے ہائی پرفارمنس 4 غیر ملکی کوچز کی تقرری
مجوزہ معیار اور سفارشات کو حتمی منظوری کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی اور صدر کے سامنے پیش کیا جائے گا، جس کے بعد اسے باضابطہ طور پر نافذ کیا جائے گا۔
فیڈریشن نے عزم ظاہر کیا ہے کہ 2026 ہاکی ورلڈ کپ کے لیے ملک کے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب شفاف، منصفانہ اور کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 2026 ہاکی ورلڈ کپ 14 سے 30 اگست تک بیلجیم اور نیدرلینڈز میں مشترکہ طور پر کھیلا جائے گا، جہاں تاریخ میں پہلی بار مردوں اور خواتین کے عالمی کپ مقابلے ایک ہی وقت میں دو میزبان ممالک میں منعقد ہوں گے۔














