پاکستان ہاکی فیڈریشن کا بڑا فیصلہ، قومی ٹیم کے لیے ہائی پرفارمنس 4 غیر ملکی کوچز کی تقرری

جمعہ 3 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے قومی کھیل کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عالمی سطح پر گرین شرٹس کا کھویا ہوا وقار بحال کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

پی ایچ ایف نے قومی ہاکی ٹیم کے لیے مزید 4 غیر ملکی کوچز کی تقرریوں کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے اپنی ’ہائی پرفارمنس کوچنگ ٹیم‘ کو مکمل کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایف آئی ایچ پرو لیگ سے قبل پاکستان ہاکی فیڈریشن کا احسن اقدام، کھلاڑیوں میں بڑی رقم تقسیم

فیڈریشن کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ بھاری تقرریاں پاکستان ہاکی میں ایک نئے روشن دور کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی، جس کے تحت کھلاڑیوں کی مروجہ فٹنس، تکنیکی مہارت اور ذہنی تربیت کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالا جائے گا۔

جدید کوچنگ پینل کی تفصیلات

پی ایچ ایف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے معروف فٹنس ماہر ڈیوڈ ڈوائر کو قومی اسکواڈ کا فٹنس اور ہائی پرفارمنس کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح ہالینڈ (نیدرلینڈز) کے نامور باب جوہان ویلڈہوف کو گول کیپنگ کوچ کی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط بنانے اور میدان میں دباؤ سے نمٹنے کے لیے کرس بوون کو بطور اسپورٹس سائیکالوجسٹ پینل میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ برطانیہ میں مقیم سابق پاکستانی کھلاڑی عدنان ذاکر جونیئر ٹیلنٹ آئیڈنٹی فکیشن کوچ کی حیثیت سے نچلی سطح پر نئے ٹیلنٹ کو نکھاریں گے۔

جونیئر اور سینیئر دونوں سطح پر کام کا آغاز

واضح رہے کہ اس ہائی پرفارمنس پینل کی تشکیل سے قبل، نیدرلینڈز ہی کے مایہ ناز ہرمن کروئس کو قومی ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا جا چکا ہے۔

فیڈریشن کے مطابق اب یہ تمام پانچوں غیر ملکی ماہرین کسی ایک ٹیم تک محدود نہیں ہوں گے، بلکہ وہ بیک وقت سینیئر اور جونیئر دونوں سطح کے قومی دستوں کے ساتھ کام کریں گے۔

مزید پڑھیں:پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین نے عماد بٹ پر لگی 2 سال کی پابندی ہٹادی

اس مشترکہ حکمت عملی کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ جونیئر کھلاڑی جب سینیئر ٹیم میں شامل ہوں تو وہ جدید ہاکی کے تقاضوں اور بین الاقوامی اسٹرکچر سے پہلے ہی مکمل ہم آہنگ ہوں۔

کھوئے ہوئے مقام کی واپسی کا عزم

صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ان تقرریوں کو پاکستان ہاکی کی بقا اور ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عالمی ہاکی اب انتہائی تیز اور تکنیکی ہو چکی ہے، جہاں روایتی طریقہ کار کے ساتھ کامیابی حاصل کرنا ممکن نہیں۔

صدر پی ایچ ایف کے مطابق ’یہ اقدامات پاکستان ہاکی کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے کی مخلصانہ کوششوں کا حصہ ہیں اور ہر سطح پر کھلاڑیوں کی تربیت کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستانی ٹیم ایک بار پھر دنیا کی صف اول کی ٹیموں کو شکست دینے کے قابل ہو سکے‘۔

یہ بھی پڑھیں:قائمہ کمیٹی: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات پر خواجہ اظہار اور شہلا رضا میں گرماگرمی

کھیلوں کے حلقوں نے پی ایچ ایف کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ طویل عرصے سے زوال کا شکار پاکستان ہاکی ان غیر ملکی ماہرین کے تجربے سے فائدہ اٹھا کر دوبارہ فتوحات کی راہ پر گامزن ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp