فٹبال ورلڈ کپ کے تیسری پوزیشن کے سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ نے فرانس کو 4 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی، جبکہ اس میچ میں مجموعی طور پر 10 گول اسکور کیے گئے جو ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیسری پوزیشن کے کسی بھی میچ میں سب سے زیادہ گولوں کا نیا ریکارڈ ہے۔
میامی میں کھیلے گئے اس دلچسپ مقابلے میں انگلینڈ کی ٹیم کپتان ہیری کین سمیت 7 تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری اور آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ میچ کے تیسرے ہی منٹ میں ڈیکلن رائس نے شاندار گول کرکے انگلینڈ کو برتری دلا دی۔
مزید پڑھیں:فیفا فٹبال میں چھپی صدی کی کہانی
ابتدائی خسارے کے بعد فرانس نے واپسی کی کوشش کی، تاہم انگلینڈ کے گول کیپر نے کئی عمدہ سیوز کرتے ہوئے حریف کو مزید کامیابی نہ سمیٹنے دی۔ دوسری جانب انگلینڈ نے سیمی فائنل کے برعکس برتری حاصل کرنے کے بعد دفاعی انداز اپنانے کے بجائے مسلسل حملے جاری رکھے۔
کونسا نے 18ویں منٹ میں انگلینڈ کی برتری دگنی کی، جبکہ بُکایو ساکا نے 37ویں منٹ اور پہلے ہاف کے انجری ٹائم میں 2 گول کرکے اپنی ٹیم کو وقفے تک 0-4 کی مضبوط برتری دلا دی۔
دوسرے ہاف میں فرانس نے بھرپور مزاحمت کی۔ کائلیان ایمباپے نے اسکورنگ کا آغاز کیا، پھر بارکولا نے دوسرا گول کیا، جبکہ ایمباپے نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول اسکور کرکے مقابلے میں سنسنی پیدا کردی۔
انگلینڈ کو ملنے والی پنالٹی پر ساکا نے ایک اور گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور ٹیم کا 5واں گول اسکور کیا، جبکہ فرانس کی جانب سے عثمان دیمبیلے نے چوتھا گول کیا۔
Five facts about the @FIFAWorldCup trophy 🏆 pic.twitter.com/IGNwoLBQtu
— FIFA (@FIFAcom) July 18, 2026
میچ کے آخری لمحات میں جوڈ بیلنگھم نے انگلینڈ کے لیے چھٹا گول کرکے فتح پر مہر ثبت کر دی۔ یوں انگلینڈ نے 4-6 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن اپنے نام کرلی۔
مزید پڑھیں: فیفا کے سنہرے جوتوں کی الف لیلیٰ
اس میچ میں مجموعی طور پر 10 گول اسکور کیے گئے، جو ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیسری پوزیشن کے کسی بھی میچ میں سب سے زیادہ گولوں کا نیا ریکارڈ ہے۔














