گورنر سندھ نہال ہاشمی سے عالمی شہرت یافتہ برطانوی پاکستانی باکسر عامر خان نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، جہاں دونوں شخصیات کے درمیان کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی سرپرستی اور سندھ میں جدید اسپورٹس سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے پر عامر خان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابیاں نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی کراٹے کمبیٹ کے فاتح شاہ زیب رند کوئٹہ پہنچ گئے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے استقبال کیا
ملاقات کے دوران اسلام آباد کی طرز پر کراچی کے لیاری میں جدید باکسنگ اکیڈمی کے قیام کی تجویز بھی زیرِ غور آئی۔ یہ تجویز ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب لیاری کے ہزاروں نوجوان محدود وسائل کے باوجود کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کی گورنر ہاوس میں ملاقات*
ملاقات میں نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے، باکسنگ کے فروغ اور اسپورٹس انفراسٹرکچر کی بہتری پر تبادلہ خیال
اسلام آباد کی طرز پر لیاری میں جدید باکسنگ اکیڈمی کے قیام پر گفتگو pic.twitter.com/ZCSaIWShVW
— Khurram Abbas (@KhurramBhatti01) July 17, 2026
لیاری، جو برسوں سے پاکستان میں فٹبال اور باکسنگ کی نرسری سمجھا جاتا ہے، آج بھی ایسے نوجوانوں سے بھرا ہوا ہے جو عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کے خواب دیکھتے ہیں۔ تاہم مناسب تربیت اور سہولیات نہ ہونے کے باعث کئی باصلاحیت کھلاڑی اپنی منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی راستے میں رک جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں:انٹرنیشنل باکسنگ چیمپیئن شپ 2025 اختتام پذیر، محمد وسیم نے ورلڈ گولڈ بینٹم ویٹ ٹائٹل جیت لیا
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے اس موقع پر کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ کھیل ایک صحت مند اور مضبوط معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے لیاری میں باصلاحیت نوجوانوں کی سرپرستی کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
اس موقع پر عامر خان نے گورنر سندھ کی جانب سے پرتپاک استقبال اور کھیلوں کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ لیاری کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور انہیں عالمی معیار کی باکسنگ تربیت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
لیاری کے نوجوان اب اس امید کے ساتھ مستقبل کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ شاید جلد ہی ان کے علاقے میں ایک ایسی جدید اکیڈمی قائم ہو، جہاں سے پاکستان کا اگلا عالمی باکسنگ چیمپیئن سامنے آئے۔













