مٹیاری میں وہاب شاہ اسٹیشن کے نزدیک یوسف والا کول ہاپر ٹرین حادثے کے بعد ریلوے ٹریفک شدید متاثر ہوگئی ہے۔ حادثے کے باعث اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریک بند ہیں اور ٹرینوں کی آمدورفت قریباً 24 گھنٹے معطل رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی سی او ریلویز کراچی کے مطابق کول ہاپر ٹرین کی 17 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے نتیجے میں دونوں ریلوے لائنوں پر آمد و رفت مکمل طور پر رک گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کی بحالی میں وقت لگ سکتا ہے، اسی لیے کل تک چلنے والی متعدد ٹرینیں بھی معطل کردی گئی ہیں۔
حادثے کے بعد مختلف مسافر ٹرینوں کو راستے میں روک لیا گیا ہے۔ لاہور جانے والی قراقرم ایکسپریس کو حیدرآباد جبکہ علامہ اقبال ایکسپریس کو کوٹری اسٹیشن پر روکا گیا ہے۔
پاکستان ایکسپریس کو لانڈھی، تیزگام ایکسپریس کو ڈرگ روڈ اور ملت و فرید ایکسپریس کو کراچی کینٹ اسٹیشن پر روک دیا گیا ہے۔
پاکستان ریلویز کراچی ڈویژن کے ترجمان کے مطابق حادثے سے متاثر ہونے والے تمام مسافروں کو ٹکٹ کی رقم واپس کی جائے گی۔














